خیبر پختونخوا میں زیر تعلیم افغان طلبہ کا ڈیٹا طلب، اعلامیہ جاری

خیبر پختونخوا کے تعلیمی اداروں میں افغان مہاجرین کے بچوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد افغان طلبہ کی واپسی کے سلسلے میں حکومت کے اقدامات کی تکمیل ہے۔ دستاویزات کے مطابق، صوبے کے تمام سرکاری سکولز، کالجز اور جامعات میں زیر تعلیم افغان طلبہ کا مکمل ڈیٹا طلب کیا گیا ہے۔ اس کے لیے باقاعدہ فارم بھی جاری کیے گئے ہیں، جن میں طلباء کا ضلع، سکول اور دیگر بنیادی معلومات فراہم کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
فارم میں افغان طلبہ کی مکمل تفصیلات، بشمول ان کی تعلیم، والدین کی معلومات اور دیگر اہم کوائف درج کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ تمام تعلیمی اداروں کو ایک ہفتے کے اندر اندر افغان طلبہ کا ڈیٹا فراہم کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق، خیبر پختونخوا کے نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں میں بڑی تعداد میں افغان طلبہ زیر تعلیم ہیں، تاہم ان کا مکمل ڈیٹا حکومت کے پاس موجود نہیں تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں افغانیوں سمیت غیر قانونی مقیم افراد کی آخری ڈیڈلائن میں کتنے دن رہ گئے؟
حکومت کے احکامات کے مطابق تعلیمی اداروں میں افغان طلبہ کے ڈیٹا کو جمع کرنے کا عمل جاری ہے، جس کا مقصد افغان مہاجرین کی واپسی کے عمل کو آسان بنانا اور اس حوالے سے درست معلومات فراہم کرنا ہے۔