عوام کی آواز

حالیہ پانچ سالوں میں کتنے افراد پاکستان کو خیرآباد کہہ گئے؟

پانچ سالوں میں اٹھائیس لاکھ پاکستانیوں کی بیرون ملک ہجرت، 37 فیصد افراد کی خواہش ہے کہ وہ بھی ملک چھوڑ دیں

پاکستان میں حالیہ پانچ برسوں کے دوران تقریباً اٹھائیس لاکھ افراد قانونی ذرائع سے بیرون ملک ہجرت کر چکے ہیں، جبکہ ملک میں 37 فیصد افراد ایسے ہیں جو بیرون ملک جانے کے خواہشمند ہیں، جن میں اکثریت پڑھے لکھے نوجوانوں کی ہے۔

اگرچہ ایک طرف کم پڑھے لکھے افراد غیر قانونی طریقے سے یورپ جانے کی کوشش میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں، دوسری جانب قانونی طریقوں سے بیرون ملک جانے کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق، 1971 سے 2022 تک ساٹھ لاکھ سے زائد پاکستانیوں نے ملک چھوڑا، جن میں ڈھائی لاکھ اعلیٰ تعلیم یافتہ، ساڑھے چار لاکھ انتہائی ہنر مند اور پچاس لاکھ سے زائد پیشہ ور ہنرمند شامل ہیں۔ مراعات یافتہ ہونے کے باوجود 36 فیصد نوجوانوں نے بیرون ملک جانے کو ترجیح دی ہے۔

موجودہ صورتحال کے مطابق، 37 فیصد پاکستانیوں کا ارادہ ہے کہ وہ بیرون ملک جا کر بسیں، اور ان میں 30 فیصد سعودی عرب، 20 فیصد دبئی، 9 فیصد برطانیہ، 8 فیصد کینیڈا اور امریکہ، اور 5 فیصد یورپ میں اپنے مستقبل کو دیکھ رہے ہیں۔

اسلام آباد اور خیبر پختونخوا کے نوجوانوں میں بیرون ملک جانے کا رجحان سب سے زیادہ دیکھنے کو مل رہا ہے، اسلام آباد سے 46 فیصد اور خیبر پختونخوا سے 35 فیصد نوجوان ملک چھوڑ چکے ہیں۔

پشاور زرعی یونیورسٹی کے استاد ڈاکٹر انور شاد نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے ہنر مند اور ذہین نوجوانوں کا بڑی تعداد میں بیرون ملک جانا ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے، اور اس اہم انسانی سرمائے کو بچانے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اس رجحان کو قابو پانا ہے تو حکومت کو انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے، روزگار کے مواقع بڑھانے اور معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات کرنے ہوں گے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button