”باڑہ بازار سے دو دن میں تجاوزات کو ختم نہ کیا گیا تو ریڑھی بانوں کو واپس اپنی جگہ پر لے آئیں گے”
انتظامیہ نے وقتی طور پر بازار میں سڑکوں کو صاف کیا تاہم چند دن کے اندر اندر پبلک ٹرانسپورٹ کی گاڑیاں دوبارہ سڑک پر سے سواریاں بٹھاتے ہیں جس کی وجہ سے ہر وقت سڑک بند رہتی ہے۔ سید ایاز وزیر
"باڑہ بازار، خیبر، میں تجاوزات کو ختم کرنے میں انتظامیہ مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، صرف غریب اور بے یار و مدد گار ریڑھی بانوں کو ہٹا دیا گیا جبکہ ٹیکسی، ڈاٹسن اور دیگر گاڑیوں کے اڈے نما سٹینڈز تاحال قائم ہیں، اگر دو دن میں تجاوزات کو ختم نہیں کیا گیا تو ریڑھی بانوں کے ساتھ مل کر ان کو واپس اپنی پرانی جگہ پر لے آئیں گے۔” ان خیالات کا اظہار انجمن تاجران باڑہ کے صدر سید آیاز وزیر نے درجنوں ریڑھی بانوں کے اعتراض کے بعد میڈیا کو جاری اپنے ایک بیان میں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مقامی انتظامیہ نے باڑہ بازار میں تجاوزات کے خاتمے اور سڑک سے ہر قسم غیرقانونی رکاوٹیں ختم کرنے کے لئے گزشتہ کئی روز سے مسلسل آپریشنز کئے اور وقتی طور پر بازار میں سڑکوں کو صاف کیا تاہم چند دن کے اندر اندر پبلک ٹرانسپورٹ کی گاڑیاں دوبارہ سڑک پر سے سواریاں بٹھاتے ہیں جس کی وجہ سے ہر وقت سڑک بند رہتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جے یو آئی سب ڈویژن وزیر بنوں کے چئیرمین ایف آر کے ناظم اور محافظ سمیت لاپتہ
انہوں نے مزید کہا کہ اگر انتظامیہ، ٹی ایم اے اور ٹریفک پولیس اس کے خلاف ایکشن نہیں لیتی تو 600 تک غریب ریڑھی بان مجبوراً سڑکوں پر آ جائیں گے اور احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے جس کے بعد ہم بھی مقامی انتظامیہ کی بجائے ان غریب افراد کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
سید ایاز وزیر نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ باڑہ بازار میں تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے تاکہ کسی کے ساتھ بھی زیادتی نہ ہو۔