سٹیزن جرنلزمعوام کی آواز

محسود پریس کلب اور گومل سکاوٹس کے زیر اہتمام صحافیوں اور سوشل میڈیا ایکٹویسٹ کا دورہ گومل زام ڈیم

محسود پریس کلب جنوبی وزیرستان اور گومل سکاوٹس کے اشتراک سے 70 سے زائد صحافیوں اور سوشل میڈیا ایکٹویسٹس جو کہ محسود پریس کلب کے زیر اہتمام شارٹ ویڈیو ڈاکومینٹری مقابلے میں حصہ لے رہے ہیں، کو گومل زام ڈیم کا خصوصی دورہ کروایا گیا۔ اس دورے کا مقصد گومل زام ڈیم کی اہمیت، اس کے فوائد اور علاقے پر اس کے مثبت اثرات سے آگاہی دینا تھا۔

دورے کے دوران گومل زام ڈیم ویو پوائنٹ پر محکمہ واپڈا کے ریزیڈنٹ انجینئر، نعمان خان نے شرکاء کو بریفنگ دی۔ بریفنگ میں ڈیم کی تعمیر، اس کے زرعی فوائد، بجلی کی پیداوار، اور زیر زمین پانی کی سطح میں بہتری جیسے پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ اس کے علاوہ محکمہ زراعت اور دیگر حکومتی اداروں کے نمائندوں نے بھی اپنے محکموں کے تناظر میں ڈیم کے حوالے سے معلومات فراہم کیں۔

شرکاء نے اس موقع پر کہا کہ وہ محسود پریس کلب اور گومل سکاوٹس کے اس اہم اقدام کو سراہتے ہیں، جس کی بدولت انہیں گومل زام ڈیم جیسے اہم منصوبے کے بارے میں مفصل معلومات حاصل ہوئیں۔ ایک سوشل میڈیا ایکٹویسٹ نے کہا: "ہم یہاں رہتے ہوئے بھی اس ڈیم کی اہمیت سے مکمل طور پر آگاہ نہیں تھے، اور آج اس دورے نے ہماری معلومات میں بے پناہ اضافہ کیا ہے۔”

محسود پریس کلب کے صدر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گومل زام ڈیم جیسے منصوبے جنوبی وزیرستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے گومل سکاوٹس کمانڈنٹ اور تمام متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس دورے میں خصوصی تعاون فراہم کیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button