چینی کی قیمتوں میں ہو شربا اضافہ، فی کلو 25 روپے مہنگی
ملک بھر کی طرح خیبرپختونخوا میں بھی چینی کی قیمتوں کو پر لگ گئے ہیں، ایک ہفتے میں فی کلو قیمت میں 25 روپے تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
پشاور اور مردان سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں چینی کی پرچون فی کلو قیمت 130 روپے تک پہنچ گئی ہے جو کہ ایک ہفتہ قبل 105 روپے تھی۔
ڈیلرز کے مطابق تھوک میں چینی کی قیمت 120 روپے فی کلو تک ہے۔
مردان سے تعلق رکھنے والے تاجر محمد ابراہیم کا کہنا ہے کہ پچھلے چند ہی دنوں میں 50 کلو چینی کی بوری میں ایک ہزار روپے تک اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ روز ایک ہی دن میں فی بوری 300 روپے اضافہ ہو کے 6200 روپے تک پہنچ گئی تھی لیکن شام کو 200 روپے واپس سستی ہوگئی۔
قیمتیں بڑھنے کے ساتھ مارکیٹ میں پرچون پر چینی فی کلو 125 سے 130 روپے تک دستیاب ہے جبکہ دیہاتی علاقوں میں قیمتیں اس بھی بڑھ گئی ہیں۔
ابراہیم کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں حالیہ اضافہ کے مختلف عوامل ہیں، ایک تو ملوں میں کرشنگ سیزن ختم ہوگیا ہے جس کی وجہ سے قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔ دوسری وجہ بعض ڈیلرز اور سٹے بازوں کی جانب سے ناجائز منافع خوری کے لئے چینی کی مصنوعی قلت پیدا کر دی ہے۔ ایک وجہ افغانستان کو چینی کی غیر قانونی سمگلنگ بھی ہوسکتی ہے جہاں ہمیشہ سمگلروں کو ایک اچھی مارکیٹ ملتی ہے۔
مارکیٹ میں قیمتیں بڑھنے کے ساتھ یوٹیلیٹی سٹورز کی چینی پر لوگوں کا رش بڑھ گیا ہے لیکن پشاور میں ایک یوٹیلیٹی سٹور کے ملازم کا کہنا ہے کہ ان کو بھی سپلائی کم ہوگئی ہے اور ڈیمانڈ بہت زیادہ بڑھ گئی ہے۔