خیبر پختونخوا میں زلزلے کے باعث ہونے والے نقصانات کی تفصیلات سامنے آگئیں
خیبر پختونخوا میں منگل کی شب کو شدید زلزلے کے باعث ہونے والے نقصانات کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
پروانشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے) کی جانب سے نقصانات کے اعداد شمار کے رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا میں زلزلے کے باعث 9 افراد جاں بحق اور 56 زخمی ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والے میں دو بچوں میں سے ایک کا تعلق لوئر دیر اور دوسرے کا تعلق ایبٹ آباد سے ہے جبکہ ایک خاتون کا تعلق سوات اور دوسری کا لوئر دیر سے ہے۔ اسی طرح جاں بحق ہونے والے پانچ مردوں میں تین باجوڑ کے جبکہ ایک سوات اور ایک خیبر کا شامل ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق زلزلے کے دوران 25 افراد لوئر دیر، 10 کرم، 6 مالاکنڈ، 5 صوابی، 3 شانگلہ، دو مردان جبکہ ایک ایک چارسدہ، خیبر، اورکزئی، باجوڑ اور لوئر چترال میں زخمی ہوئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق زلزلہ سے صوبہ بھر میں 26 مکانات کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے جن میں ہری کے 5، لوئر دیر کے 5، باجوڑ کے 3، مردان کے 3، بونیر، خیبر اور اورکزئی کے دو، دو جبکہ سوات، صوابی، نوشہرہ اور لوئر چترال کے ایک ایک مکان شامل ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم کے مطابق متاثر علاقوں کے ضلعی انتظامیہ کو نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ منگل کی شب کو خیبر پختونخوا سمیت ملک کے دیگر شہروں جبکہ انڈیا، افغانستان اور چین کے متعدد مقامات پر زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے تھے اور محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلہ کی شدت چھ اعشاریہ آٹھ ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ زلزلے کا مرکز افغانستان میں کوہ ہندوکش کا علاقہ تھا اور زلزلے کی گہرائی 180 کلو میٹر تھی۔