اٹلی کشتی حادثہ: پشاور کے نوجوان اذان آفریدی کی لاش مل گئی
اٹلی میں ڈوبنے والی کشتی میں جاں بحق ہونے والے پشاور کے نوجوان اذان آفریدی کی لاش 4 روز بعد مل گئی۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ اٹلی کشتی حادثے میں جاں بحق پشاور کے نوجوان اذان آفریدی کی لاش 4 روز بعد ملی جہاں اٹلی میں موجود اذان آفریدی کے ماموں نے لاش کی شناخت کی۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ اذان آفریدی بیرون ملک تعلیم کے حصول کےلیے اٹلی گیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اذان آفریدی کے والد نے بتایا تھا کہ بیٹے کو باہر ملک میں پڑھنے کا شوق تھا جبکہ ماموں بھی اٹلی میں مقیم ہے اس لئے ان کے کہنے پر بیٹے کو بیھجا تھا تاہم اب بیٹے کی جدائی نے ان کا کمر توڑ دیا۔
دوسری جانب کشتی میں اذان کے ساتھ سوار اور بچ جانے والے دوست کا کہنا ہے کہ وہ دونوں ایک دوسرے کے ہاتھ تھامے ہوئے تھے، یکدم ہاتھ چھوٹ گئے اور اس کے بعد اسے باہر نکال کر کیمپ سفٹ کر دیا تاہم اس وقت اذان کا کچھ پتہ نہیں چل رہا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ اتوار کے روز اٹلی کے جنوبی ساحلی علاقے کلابریا کے ساحل پر غیرقانونی طور پر داخل ہونے والے پناہ گزین کی کشتی حادثے کا شکار ہوئی تھی جس میں سوار 200 پناہ گزین میں متعدد جان سے چلے گئے ہیں۔ ان پناہ گزین میں افغانستان،پاکستان، ایران، صومالیہ اور شام کے باشندے سفر کررہے تھے۔