تیراہ متاثرین کو آئی ڈی پیز کی طرح پیکیج دیا جائے: سیاسی اتحاد کا احتجاج
ضلع خیبر میں تیراہ متاثرین کے حقوق کے حوالے سے سیاسی اتحاد نے باب خیبر کے مقام پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔
باب خیبر کے مقام پر جمرود آل سیاسی اتحاد کے مشران زرغون شاہ آفریدی، منظور آفریدی،حاجی محمد امین،ملک زینا گل اور دیگر نے تیراہ متاثرین کے ہمراہ احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ تیراہ متاثرین کا سروے فوری بحال کیا جائے،تیراہ متاثرین کی واپسی کا عمل سست روی کا شکار اس کو تیز کیا جائے،تیراہ متاثرین کو دیگر آئی ڈی پیز کی طرح پیکیج دیا جائے جبکہ تیراہ متاثرین کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا کیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات میں کھڑے امیدواروں سے مطالبہ کیا کہ اپنے اپنے منشور میں تیراہ آئی ڈی پیز کو سب سے مقدم رکھے اور ہمارے ساتھ آئی ڈی پیز تیراہ کو حقوق دلانے کے لئے کھڑے ہوجائے کیونکہ تیراہ متاثرین کو حقوق دلانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہاکہ حکومت نے ہمارے ساتھ جو وعدے کئے تھے انکو پورا نہیں کیا جارہا۔موجودہ حکومت نے مہنگائی میں بے پناہ اضافہ کردیا ہے جس کے بعد عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوا جبکہ تیراہ متاثرین کے مشکلات بھی بڑھ گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ تیراہ متاثرین نے اس ملک کی خاطر اور اس ملک کی امن کی خاطر اپنا سب کچھ،گھر بار چھوڑ کر ہجرت کی تھی لیکن اب حکومت کی جانب سے انکو پیکیج اور دیگر حقوق نہیں دئے جاتے جو کہ انکے ساتھ ذیادتی ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر تیراہ متاثرین کو حقوق نہیں دیئے گئے تو ایک بار پھر احتجاج شروع کردینگے جس میں صوبائی اسمبلی کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔