باڑہ: ”ناکئی پہاڑی پر قبضہ سے پہلے ہماری لاشوں پر سے گزرنا ہو گا”
ضلع خیبر: باڑہ خیبر چوک میں قبیلہ شلوبر کے مشران نے تیراہ میدان میں ناکئی پہاڑی پر حکومت کی جانب سے کام و مبینہ قبضہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی اور واضح کیا کہ ناکئی پہاڑی پر قبضہ سے پہلے ہماری لاشوں پر سے گزرنا ہو گا۔
احتجاجی مظاہرے میں شلوبر کے مشران کا موقف تھا کہ یہ پہاڑی ہمارے علاقے میں گھروں کے درمیان ہے جس سے ہمارے گھروں کی بے پردگی ہوتی ہے اور ہمیں تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے لہذا اس پر حکومت کا قبضہ ہمیں کسی طرح منظور نہیں۔
احتجاجی مظاہرے میں انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسسٹنٹ کمشنر باڑہ کو فوراً یہاں سے تبدیل کیا جائے، حکومت کی جانب سے ناکئی پہاڑی پر قبضہ کرنے کی کوشش جاری رہیں تو نہ ختم ہونے والی احتجاجی تحریک شروع کر کے پاک افغان شاہراہ کو ہر قسم کے ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیں گے۔
احتجاجی مظاہرے میں پاکستان تحریک انصاف کے عبدالغنی، خیبر یونین پاکستان کے حاجی مجیب الرحمان اور بازار گل، حاجی خلیل، قومی مشر حاجی کے کپتان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء حاجی جاوید سمیت دیگر بھی شریک تھے۔