وانا: چلغوزہ پر غیرقانونی ٹیکس کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
وانا: چلغوزہ یونین اور ٹریڈ یونین نے انگوراڈہ کے مقام پر کسٹم ٹرمینل کے سامنے غیرقانونی ٹیکس وصولی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کر کے کسٹم روڈ کو بند کر دیا۔
ٹریڈ یونین کے جنرل سیکرٹری عطاء اللہ نے میڈیا کو بتایا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس فورس کسی دوسرے معتبر حکام کے ساتھ گٹھ جوڑ کی بنیاد پر چوری چپکے کسٹم ٹرمینل سے تھوڑا آگے گیٹ لگایا ہے جس پر ڈی پی او اور ڈی سی کے بندے کھڑے ہیں جو غیرقانونی چلغوزہ پراسیسنگ کے نام پر فی کلو 80 روپے ٹیکس لیتے ہیں اور اس طرح تنائی چیک پوسٹ پر بھی ضلعی انتظامیہ فی گاڑی سے 1 ہزار سے لے کر 2 ہزار تک بھتہ وصولی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وانا ایگری پارک میں پراسیسنگ کا سامان خراب ہو چکا ہے جو استعمال کے قابل نہیں پھر کس چیز کا ٹیکس لیا جا رہا ہے، ہم نہیں مانتے ہیں اسطرح کی ڈاکہ زنی جس کے خلاف احتجاج جاری رہے گا۔
دوسری جانب محرر زمان اور ایگری پارک ٹھیکیداروں نے کہا کہ ہم ہرگز غیرقانونی ٹیکس نہیں لے رہے کیونکہ مذکورہ ٹیکس ڈی سی ساؤتھ وزیرستان خالد اقبال، ڈی پی او پولیس خانزیب اور سکاوٹس فورس کی اعلیٰ قیادت کی ہدایت پر ٹیکس لیتے ہیں، ”اس کا باقاعدہ ٹینڈر ہو چکا ہے۔”