عوام کی آوازکھیل

شدت پسندی کے خلاف ایک قدم: لڑکیوں کے لیے فٹبال کلینک کا انعقاد

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسداد منشیات و جرائم (UNODC)، نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (NACTA) اور مملکتِ نیدرلینڈز کے سفارتخانے کے اشتراک سے اسلام آباد میں لڑکیوں کے لیے ایک منفرد فٹبال کلینک کا انعقاد کیا گیا۔ اس سرگرمی کا مقصد کھیل کے ذریعے نوجوان لڑکیوں کو بااختیار بنانا اور معاشرتی ہم آہنگی و پرامن معاشرے کے قیام میں ان کے کردار کو اجاگر کرنا تھا۔

"کھیل کے ذریعے پل بنانا” کے عنوان سے ہونے والی اس سرگرمی میں اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز (F-6/2) اور (I-10/4) کی 14 سے 18 سالہ طالبات نے شرکت کی۔ فٹبال فیکٹری میں منعقدہ اس ایونٹ میں ٹیم ورک، قیادت، نظم و ضبط اور باہمی احترام جیسے اہم سماجی اوصاف کو فروغ دیا گیا۔

UNODC پاکستان کے نمائندے ٹرولز ویسٹر نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ نوجوان، خصوصاً لڑکیاں، جب قیادت میں حصہ لیتی ہیں تو وہ تبدیلی کی طاقتور علامت بن جاتی ہیں۔

NACTA کے نمائندے نے انسداد پرتشدد انتہا پسندی کی قومی پالیسی (NPVE) میں نوجوانوں اور صنفی حساس اقدامات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ نیدرلینڈز کی سفیر ہینی فوکل ڈی فریز نے کہا کہ کھیل نہ صرف جوڑنے والا ذریعہ ہے بلکہ یہ بااختیار بنانے اور حوصلہ دینے کی غیر معمولی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔

پیشہ ور فٹبالر اور نوجوانوں کی رہنما کیانات بخاری نے بھی کلینک میں شرکت کی اور اپنی جدوجہد، حوصلے اور کامیابی کی کہانی سنا کر شرکاء کو حوصلہ دیا۔

ایونٹ میں ڈرِبل ریلی، پاس اینڈ موو چیلنج، چھوٹے سائیڈ میچز، کراس بار چیلنج اور ڈرِبل میز سمیت کئی دلچسپ سرگرمیاں شامل تھیں۔ آخر میں گروپ ریفلیکشن سیشن کے دوران شرکاء نے اپنے تجربات اور سیکھے گئے اسباق کا تبادلہ کیا۔

یہ کلینک اس بات کا ثبوت ہے کہ کھیل کے ذریعے نوجوان نسل میں اعتماد، قیادت اور امن کے بیج بوئے جا سکتے ہیں۔ UNODC، NACTA اور نیدرلینڈز کا سفارتخانہ ایسی سرگرمیوں کے ذریعے نوجوانوں کو مثبت راستہ فراہم کرنے کے عزم پر قائم ہیں۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button