پہلا ون ڈے میچ: پاکستان کی آسٹریلیا کیخلاف بیٹنگ جاری، 3 وکٹوں پر 63 رنز
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے ون ڈے میچ میں بیٹنگ کے دوران گرین شرٹس نے 18 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 63 رنز بنا لئے ہیں۔
یہ میچ آج میلبرن کے کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلا جا رہا ہے، جہاں آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستان کی اننگز کا آغاز اوپنر صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے کیا، لیکن قومی ٹیم کو 3 رنز پر پہلا نقصان اٹھانا پڑا۔ صائم ایوب، جو اپنے ون ڈے کیریئر کا آغاز کر رہے ہیں، صرف ایک رن بنا کر مچل اسٹارک کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
24 کے اسکور پر پاکستان کو دوسرا نقصان عبداللہ شفیق کی صورت میں ہوا، جو صرف 12 رنز بنا کر اسٹارک کا شکار بنے۔ تیسری وکٹ، بابر اعظم 32 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم ایک سال بعد ون ڈے انٹرنیشنل کھیل رہی ہے اور کینگروز کے خلاف مضبوط بولنگ لائن اپ کے ساتھ میدان میں اتری ہے، جس میں شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد حسنین شامل ہیں۔
پاکستان کے پلیئنگ الیون میں عبداللہ شفیق، صائم ایوب، بابر اعظم، محمد رضوان، کامران غلام، سلمان علی آغا، محمد عرفان خان، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد حسنین شامل ہیں۔
آسٹریلوی اسکواڈ میں پیٹ کمنز (کپتان)، جیک فریزر میکگورک، میتھیو شارٹ، اسٹیو اسمتھ، جوش انگلیس، مارنس لیبوشین، آرون ہارڈی، گلین میکسویل، شان ایبٹ، مچل اسٹارک اور ایڈم زمپا شامل ہیں۔
یہ سیریز تین ون ڈے اور تین ٹی 20 میچز پر مشتمل ہے۔ دوسرا ون ڈے میچ 8 نومبر کو ایڈیلیڈ اوول میں جبکہ تیسرا 10 نومبر کو پرتھ اسٹیڈیم میں ہوگا۔ تینوں ون ڈے میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے۔