شاہین شاہ آفریدی کی نئی کٹ لانچنگ کے ساتھ مانچسٹر یونائیٹڈ کی روایات میں ایک نیا سنگ میل
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے لیے ایک بڑا اعزاز، مانچسٹر یونائیٹڈ نے اپنی نئی کٹ کی تصاویر جاری کردیں جن میں شاہین آفریدی کو نمایاں کیا گیا ہے۔ انگلینڈ کے سب سے بڑے فٹبال کلب نے شاہین شاہ آفریدی کو اپنی نئی کٹ کے چہرے کے طور پر منتخب کیا ہے، اور وہ اس اعزاز کے ساتھ مانچسٹر یونائیٹڈ کی کٹ لانچ کرنے والے پہلے ایشین مسلمان کرکٹر بن گئے ہیں۔
مانچسٹر یونائیٹڈ کی طرف سے جاری کردہ تصاویر میں شاہین شاہ آفریدی نے کلب کی نئی کٹ زیب تن کی ہے، جو ان کی مقبولیت اور بین الاقوامی شہرت کا واضح عکاس ہے۔ کلب نے شاہین شاہ آفریدی سے رابطہ کر کے انہیں نئی کٹ کی لانچنگ کے لیے منتخب کیا، جس کا مقصد کرکٹ اور فٹبال کے مداحوں کے درمیان تعلق مضبوط کرنا تھا۔
شاہین شاہ آفریدی حال ہی میں انگلینڈ کے دورے پر تھے اور اس دوران انہوں نے مانچسٹر یونائیٹڈ کلب کا دورہ بھی کیا۔ کلب کی جانب سے اس اقدام نے کرکٹ اور فٹبال کے مداحوں میں جوش و خروش بڑھا دیا ہے اور اس اقدام کو دونوں کھیلوں کے درمیان بڑھتی ہوئی ہم آہنگی کے ایک مثبت اشارے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔