کھیل

بلوچستان: سیلاب سے متاثرہ علاقے ہنہ اوڑک میں کرکٹ ٹورنامنٹ کا انقعاد

ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس بلوچستان امان اللہ، اسلامک ریلیف پاکستان کے ایریا پروگرم منیجر عیسیٰ طاہر سنجرانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے اگر بلوچستان کے نوجوانوں کو کھیلوں کے مناسب مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ نہ صر ف ملک بلکہ بیرون ملک بھی پاکستان کا نام روشن کرسکتے ہیں۔

اسلامک ریلیف پاکستان کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقے ہنہ اوڑک کے نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں کی فراہمی کیلئے کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا جو خوش آئند ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو سحر اعوان کرکٹ گراؤنڈ ہنہ اوڑک میں یوتھ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل کے موقع پر کھلاڑیوں اور تماشائیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

یوتھ کرکٹ ٹورنامنٹ میں ہنہ اوڑک سے تعلق رکھنے والی 8 ٹیموں نے حصہ لیا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ اسپارٹن ہنہ اور گرین ہنہ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جو ایک دلچسپ مقابلے کے بعد اسپارٹن ہنہ نے جیت لیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس بلوچستان امان اللہ نے کہا کہ اسلامک ریلیف پاکستان کی جانب سے بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقے ہنہ اوڑک کے نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں کی فراہمی کیلئے تین روزہ یوتھ کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں نوجوان کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا لواہا منوایا۔ انہوں نے کہا کہ فائنل میں پہنچنے والی دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم ہار اور جیت کھیل کا حصہ ہے، ہارنے والی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ہمت نہیں ہارنی چاہئے بلکہ پہلے سے زیادہ محنت کرنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ کامیاب ٹورنامنٹ کے انعقاد پر اسلامک ریلیف پاکستان کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ نوجوانوں کو کھیلوں کے مواقع فراہم کرنے کیلئے محکمہ سپورٹس بلوچستان ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

اسلامک ریلیف پاکستان کے ایریا پروگرم منیجر عیسیٰ طاہر سنجرانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامک ریلیف پاکستان اپنے وسیلہ پروگرام کے تحت بلوچستان اور خاص کر کوئٹہ کے نوجوانوں اور خواتین کو مختلف قسم کی ٹریننگ دیکر انہیں قابل بنا رہا ہے تاکہ وہ اپنے پاؤں پر کھڑ ے ہوکر اپنے اور اپنے خاندان کیلئے بہتر روزگار پیدا کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ وسیلہ پروگرام کے تحت آج کے ٹورنامنٹ کے انعقاد کا مقصد بھی یہی ہے کہ نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جائے تاکہ وہ منشیات سمیت دیگر سماجی برائیوں سے بچ سکیں۔

تقریب کے اختتام پرڈپٹی ڈائریکٹرسپورٹس بلوچستان امان اللہ، اسلامک ریلیف پاکستان کے ایریا پروگرم منیجر عیسیٰ طاہر سنجرانی نے ونر اور رنر اپ ٹیموں میں ٹرافیاں اور دیگرانعامات تقسیم کئے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button