کھیل

ایشیا کپ: پاکستان نے نیپال کو 238 رنز سے شکست دے دی

ایشیا کپ 2023 کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے نیپال کو 238 رنز سے شکست دے دی۔

ملتان میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے پہلے میچ میں پاکستان نے نیپال کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

قومی ٹیم نےکپتان بابر اعظم اور افتخار احمد کی شاندار بیٹنگ کی بدولت نیپال کو 343 رنز کا ہدف دیا، جواب میں مہمان ٹیم 24 ویں اوور میں 104 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

اس سے قبل پاکستان نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو قومی ٹیم کے اوپنرز جلد ہی پویلین واپس لوٹ گئے، فخر زمان 14 رنز بناکر پویلین لوٹے جب کہ امام الحق 5 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے، اس موقع پر رضوان اور بابراعظم نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور مجموعی اسکور 111 رنز پر پہنچا دیا۔

رضوان 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو ان کے بعد آنے والے آغا سلمان 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر آنے والے بلے باز افتخار احمد نے کپتان کا بھرپور ساتھ دیا، بابر اعظم 151 رنز بنا کر آخری اوور میں آؤٹ ہوئے جب کہ افتخار احمد 71 گیندوں پر 109 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ناقابل شکست رہے۔

قومی ٹیم نے مقرر 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 342 رنز بنائے۔

نیپال کی جانب سے سومپل کامی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ کرن اور سندیپ لمیچا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

343 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیپال کی بیٹنگ  لائن پتوں کی طرح بکھر گئی۔

نیپال کی پوری ٹیم 104 رنز پر آؤٹ ہوگئی، نیپال کی جانب سے سومپل کامی 28 اور عارف شیخ 26 رنز بناکر ٹاپ اسکورر  رہے، ان کے علاوہ کوئی نیپالی بلے باز وکٹ پر زیادہ دیر نہ ٹھہر سکا۔

پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین روانہ کیا، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے 2 ،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، نسیم شاہ اور محمد نواز  نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button