12 سالہ عائشہ آیاز نے انٹرنیشنل تائیکوانڈو چمپئن شپ میں 3 میڈلز جیت لیے
خیبر پختونخوا کے ضلع سوات سے تعلق رکھنے والی 12 سالہ عائشہ آیاز نے انٹرنیشنل تائیکوانڈو چمپئن شپ میں 3 میڈلز جیت لیے۔
تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں ہونے والے ایونٹ میں عائشہ آیاز نے انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں مجموعی طور پر تین میڈلز جیت لیے، عائشہ ایاز ایونٹس میں ایک سلور اور دو برانز کے تمغے جیتنے میں کامیاب رہیں۔
عائشہ آیاز نے انڈر 12 کی کٹیگری میں کامیابیاں حاصل کیں، عائشہ ایاز نے چیمپئن شپ کی بہترین کھلاڑی کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔ اس ایونٹ میں پاکستان سے 26 کھلاڑیوں اور 6 آفیشلز نے شرکت کی تھی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل عائشہ آیاز دوبئی انٹرنیشنل چیمپئن شپ میں بھی ملک کے لئے میڈلز حاصل کرچکی ہیں۔
ادھر عائشہ کے والد آیاز نائیک کے مطابق تائیکوانڈو ان کا خاندانی کھیل ہے۔ عائشہ ایاز کی والدہ بشریٰ بی بی قائداعظم ٹرافی کے مقابلوں میں گولڈ میڈل حاصل کر چکی ہیں جبکہ عائشہ ایاز کے دو بھائی پاکستان چیمپیئن ہیں۔ عائشہ ایاز نے تقریباً تین سال کی عمر میں کھیلنا شروع کر دیا تھا اور وہ خود بھی بین الاقوامی کھلاڑی اور کوچ ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر حکومت عائشہ پر تھوڑی سی توجہ دے تو مجھے امید ہے کہ پیرس میں ہونے والے 2024 کے اولمپکس میں یہ پاکستان کو گولڈ میڈل دلا سکتی ہے۔