دیر بالا میں پانچ روزہ رمضان نائٹ انڈور بیڈمنٹن ٹورنامنٹ اختتام پذیر
زاہد جان دیروی
خيبر پختونخوا کے ضلع دیر میں ڈسٹرکٹ سپورٹس دیر بالا کے زیر اہتمام پانچ روزہ رمضان نائٹ انڈور بیڈمنٹن ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہوا جس میں مخلتف تحصیلوں کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔
ٹی این این سے گفتگو میں ضلعی سپورٹس آفیسر صدیق اللہ نے بتایا کہ ڈی جی سپورٹس اور ڈپٹی کمشنر گوہر زمان کی خصوصی ہدایات اور تعاون سے مذکورہ ٹورنامنٹ منعقد کیا گیا تھا جس کا مقصد نوجوانوں کو رمضان المبارک کے مہینے میں بھی کھیل کود کی سرگرمیاں فراہم کرنا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ انڈور نائٹ بیڈمنٹن چیمپئین شپ ٹورنامنٹ میں مختلف علاقوں سے سنگل اور ڈبل گیمز کے لئے چالیس کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔
ان کے مطابق پانچ روزہ انڈور بیڈمٹن ٹورنامنٹ میں سنگلز گیم فائنل جمال اور ابوبکر کے درمیان کھیلا گیا جو کہ جمال نے جیت لیا اور ڈبلز گیم فائنل میچ میں صدیق اللہ اور میراج کا مقابلہ جمال اور وقاص کے درمیان ہوا جو کہ جمال اور وقاص نے جیت لیا۔
اس حوالے سے ڈبل گیم کے فاتح کھلاڑی وقاص علی نے ٹی این این کو بتایا کہ انہوں نے رمضان المبارک میں اس ٹورنامنٹ کو خواب انجوائے کیا جبکہ ڈبل بیڈمٹن گیمز میں ان کے مقابلے میں نو ٹیمیں تھے تاہم فائنل وقاص اور جمال کی جوڑی نے جیت لیا۔
ان کے بقول رمضان المبارک کے دوران کھیل کود کی سرگرمیاں مکمل طور پر ختم ہوجاتی ہے جس کی وجہ نوجوان گھروں یا دیگر منفی محافل کا رخ کرتے ہیں تاہم اگر اس طرح کی سرگرمیاں رات کے دوران منعقد کئے جائیں تو میرے خیال میں نوجوان نسل منفی سرگرمیوں کی بجائے کھیلوں کی طرف مائل ہوسکتے ہیں۔
ٹورنامنٹ کے اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر دیر باقر علی نے فاتح کھلاڑیوں میں نقد انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔