تاریخ کا خود کو دہرانے سے انکار، انگلینڈ ٹی 20 ورلڈ کپ ٹرافی لے گیا
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں انگلینڈ نے پاکستان کا 30 سالہ پرانا حساب چکا دیا، پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 138 رنز کا ہدف دیا جو انگلینڈ نے 19ویں اوور کے اختتام پر پورا کر لیا۔
میلبرن میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے فائنل میں انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تو قومی ٹیم کے اوپنرز ابتداء سے ہی انڈر پریشر نظر آئے اور شاید یہی وجہ ہے کہ قومی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنا سکی۔
پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم 32 اور شان مسعود 38 رنز بنا کر نمایاں رہے، دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان 15، محمد حارث 8، شاداب خان 20، محمد نواز 5، محمد وسیم جونئیر 4، افتخار احمد صفر پر پویلین لوٹے۔
انگلینڈ کی جانب سے سیم کرن نے 3، عادل راشد اور کرس جورڈن نے 2، 2 جبکہ بین سٹوکس نے ایک وکٹ حاصل کی۔
139 رنز کے تعاقب میں انگلینڈ کی اننگز کا آغاز ہوا تو ایلکس ہیلز کو شاہین شاہ آفریدی نے کلین بولڈ کر دیا، وہ ایک رن بنا کر پویلین لوٹے جبکہ چوتھے اوورز میں حارث رؤف نے فل سالٹ کو اور چھٹے اوور می کپتان جوز بٹلر کو آؤٹ کر دیا، بٹلر نے 17 گیندوں پر 29 رنز بنائے، ان کی اننگز میں ایک چھکا اور تین چوکے شامل تھے۔
انگلینڈ کی جانب سے بین سٹوکس اور ہیروی بروک نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سکور کو آگے بڑھایا اور پاکستانی باؤلروں کو ٹف ٹائم دیا تاہم 13ویں اوور میں 84 کے مجموعی سکور پر ہیری بروک کی وکٹ گری، 23 گیندوں پر 20 رنز بنانے کے بعد وہ شاداب کی گیند پر شاہین آفریدی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد بین سٹوکس کا ساتھ دینے معین علی کریز پر آئے اور کامیابی سے ہدف کا تعاقب جاری رکھا اور ا19ویں اوور کے اختتام پر میچ جیت لیا، بین سٹوکس نے ایک چھکے اور پانچ چوکوں کی مدد سے نصف سنچری (52 رنز) سکور کی جبکہ معین علی نے 13 گیندوں پر 19 رنز بنائے۔