انڈیا آؤٹ، 1992 کی یاد تازہ: ورلڈ کپ فائنل میں پاکستان اور انگلینڈ اک بار پھر آمنے سامنے
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے بھارت کو شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔
آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹورنامنٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلش کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر بھارتی کپتان روہت شرما کو بیٹنگ کی دعوت دی، بھارت نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 169 رنز کا ہدف دیا۔
بھارت کی جانب سے ہاردک پانڈیا نے 33 گیندوں پر 63 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔ اس کے علاوہ ویرات کوہلی نے اس ورلڈ کپ میں اپنی چوتھی نصف سنچری سکور کی۔ بھارت کی جانب سے کے ایل راہول 5، کپتان روہت شرما 27، سوریا کمار 14 اور رشبھ پنت 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
انگلینڈ کے کرس جورڈن نے 3، کرس ووکس اور عادل رشید نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے انگلش اوپنروں نے ٹیم کو نہ صرف ایک اچھا آغاز فراہم کیا بلکہ دونوں کھلاڑیوں خصوصاً ایلکس ہیلز نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح دلاتے ہوئے انڈیا کے خواب چکناچور کر دیئے، جوس بٹلر نے 49 گیندیں کھیل کر 80 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 9 چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ خیال رہے کہ 16ویں اوور کے آخری بال پر چھکا مارتے ہوئے اس میچ کا فیصلہ کر دیا۔
دوسری جانب ایلکس ہیلز نے 47 گینوں پر 86 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 7 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
ورلڈ کپ کا فائنل اتوار 13 نومبر کو میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔