بھارت نے پاکستان کو چار وکٹوں سے ہرا دیا
ٹی 20 آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو شکست دے دی۔
میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں بھارت نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔
اس کے جواب میں بھارتی اننگز کے آغاز پر ہی نسیم نے کے ایل راہول کو 4 رنز پر آؤٹ کیا، اس کے بعد حارث رؤف نے کپتان روہت شرما کو بھی 4 اور سوریا کمار یادیو کو 15 رنز پر پویلین لوٹایا۔
اس کے بعد اکسر پٹیل کو 2 رنز پر بابر نے رن آؤٹ کیا۔ تاہم اس کے بعد آر اشون کے ساتھ مل کر ویراٹ کوہلی نے میچ کا پانسہ پلٹ ڈالا، انہوں نے 53 گیندوں پر 82 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل میچ کے آغاز پر بھارت نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تو قومی کپتان بابر اعظم دوسرے اوور میں ارشدیپ سنگھ کی پہلی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے اور گولڈن ڈک پر پویلین لوٹ گئے، بعدازاں چوتھے اوور میں وکٹ کیپر محمد رضوان بھی 12 گیندوں پر 4 رنز بنا کر ارشدیپ کا شکار بنے۔
پاکستان کی جانب سے افتخار احمد نے 51 رنز بنائے، شان مسعود نے 52 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
اس کے علاوہ شاداب خان 5، حیدر علی 2، محمد نواز 9، آصف علی 2، شاہین 16 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور حارث رؤف 6 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
بھارت کی جانب سے ارشدیپ سنگھ اور ہاردک پانڈیا نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ بھونیشور کمار اور شامی ایک ایک وکٹ لینت میں کامیاب رہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل میلبرن میں پاک بھارت میچ کے دوران بارش ہونے کے قوی امکانات تھے تاہم اب یہ امکان کم ہوا اور میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں دھوپ نکل آئی۔
اس سے قبل ہوبارٹ میں سری لنکا اور آئرلینڈ کے درمیان میچ کھیلا گیا تھا جس میں لنکن ٹائیگرز نے آئرش ٹیم کو 9 وکٹوں سے شکست سے دوچار کیا تھا۔