کھیل

شندور پولو فیسٹول: چترال مسلسل چھٹی بار فاتح

خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی، ہیڈ کوارٹر الیون کور پشاور، فرنٹیئر کور نارتھ اور ضلعی انتظامیہ اپر چترال کے تعاون سے تین روزہ پولو فیسٹول کی رنگارنگ تقریبات چترال کی جیت کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئیں۔

سطح سمندر سے 12 ہزار سے زائد فٹ بلندی پر واقع وادی شندور کے خوبصورت میدان میں کھیلے گئے فائنل میں چترال کی ٹیم نے دلچسپ مقابلے کے بعد گلگت بلتستان کی ٹیم کو 9 کے مقابلے میں 10 گول سے شکست دے کر ٹرافی ایک بار پھر چترال کے نام کر لی، چترال کی ٹیم مسلسل چھٹی بار پولو فیسٹول کی فاتح قرار پائی ہے۔

شندور پولو فیسٹول میں چترال اور گلگت بلتستان کی 11 ٹیموں کے درمیان مقابلے تین روز تک جاری رہے، فائنل میں چترال اے کی ٹیم کا ٹاکرا گلگت بلتستان اے کی ٹیم کے ساتھ تھا جس میں چترال اے کی ٹیم نے میدان مار لیا۔

اختتامی تقریب کے موقع پر پاکستان آرمی فزیکل ٹریننگ سکول ایبٹ آباد کے پیراگلائیڈر، پاکستان آرمی کے ایس ایس جی کمانڈوز نے پیراٹروپنگ (پیراجمپنگ) کی شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ پیش کیا جبکہ بچوں نے ملی نغمے گائے اور کیلاش وادی کے مرد و خواتین نے روایتی رقص پیش کیا۔

خیال رہے کہ شندور پولو فیسٹول دیکھنے کے لئے ملکی سیاحوں کے ساتھ غیرملکی سیاح بھی شندور پہنچ جاتے ہیں اور تین دن وادی شندور میں ٹینٹ ویلج قائم کیا جاتا ہے جہاں کھلاڑی اور سیاح تین دن قیام کر کے فیسٹول سے محظوظ ہوتے ہیں۔ علاوہ ازیں مقامی افراد کی جانب سے کھانے پینے کی اشیاء، کپڑے، ٹینٹ اور دیگر کا بازار قائم بھی لگایا جاتا ہے۔ اور مختلف روایتی کھیلوں کے مقابلے بھی دیکھنے کو ملتے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button