ویسٹ انڈیز کی ٹیم کراچی پہنچ گئی
دورہ پاکستان کے لیے ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم کراچی پہنچ گئی ہے۔ ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم اور انتظامی عہدیدار دبئی سے پاکستان پہنچے جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے ان کا استقبال کیا۔
کراچی ائیرپورٹ پر ویسٹ انڈین کھلاڑیوں کے پی سی آر ٹیسٹ لیے گئے ہیں اور کورونا کے رزلٹ منفی آنے تک تمام کھلاڑی ہوٹل میں قرنطینہ میں رہیں گے۔
خیال رہے کہ ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کھیلے گی اور دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 13 دسمبر کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل 2018 میں بھی ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم پاکستان کے دورے پر آئی تھی۔
دوسری جانب بنگلا دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ سیریز میں فتوحات حاصل کرنے والی قومی ٹیم وطن واپسی کیلئے ہوٹل سے ائیرپورٹ پہنچ گئی ہے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں شامل قومی سکواڈ کے ارکان کراچی پہنچیں گے۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم، فہیم اشرف، سرفراز احمد، فواد عالم، محمد رضوان، شاہین آفریدی، عبداللہ شفیق، سعود شکیل کراچی پہنچیں گے۔ اس کے علاوہ محمد نواز، امام الحق، نعمان علی، زاہد محمود اور عابد علی بھی کراچی پہنچیں گے۔
قومی اسکواڈ کے ارکان کراچی پہنچ کربائیو سکیور ببل جوائن کریں گے جبکہ بابر اعظم 10 دسمبر کو بائیو سکیور ببل جوائن کریں گے۔ اظہر علی، نسیم شاہ، حسن علی، محمد عباس، بلال آصف، کامران غلام اور ساجد خان آج شام ساڑھے 6 بجے لاہور پہنچیں گے۔