ڈھاکہ: بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست، ٹی 20 سیریز پاکستان کے نام
تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو بہ آسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
شیر بنگلہ کرکٹ اسٹیڈیم ڈھاکہ میں کھیلے گئے میچ میں بنگلا دیشی کپتان محمود اللہ ریاض نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، مقررہ 20 اوورز میں بنگلہ دیش کی ٹیم 108 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔
مختصر ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز کو ابتدا میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، کپتان بابراعظم ایک بار پھر ناکام ہوئے اور مستفیض الرحمان کا شکار بنے۔
اس موقع پر محمد رضوان اور فخر الزمان نے 85 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، محمد رضوان 39 رنز بنا کر کر امین الاسلام کا شکار بنے۔ پاکستان کی جانب سے فخر زمان نے ناقابلِ شکست 57 رنز کی اننگز کھیلی۔
اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیشی اوپنرز ناکام رہے تھے، محمد نعیم 2 اور سیف حسن بغیر کوئی رن بنائے وکٹ گنوا بیٹھے۔ نجم الحسین شانتو اور عفیف حسین نے مزاحمت کی دونوں بااترتیب 40 اور 20 رنز بنائے تھے۔
بنگلادیشی کپتان محمود اللہ 12، نورالحسن 11 جبکہ مہدی حسن 3 رنز بنا سکے تھے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان نے 2، 2 جبکہ محمد وسیم، محمد نواز اور وسیم جونئیر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔