کھیل

گروپ مرحلے کا آخری میچ: بھارت نے نمیبیا کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: سپر 12/گروپ مرحلے کے آخری میچ میں بھارت نے نمیبیا کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی۔

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں نمیبیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنائے جس کے جواب میں بھات نے مطلوبہ ہدف 15.1 اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔

بھارت کی جانب سے کے ایل راہل اور روہت شرما نے نصف سنچریاں سکور کیں، واحد آؤٹ ہونے والے کھلاڑی روہت نے 56 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کے ایل راہل 54 اور سوریا کمار یادو 25 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو نمیبیا کی جانب سے اسٹیفن بارڈ اور مائیکل وین لنگن نے اننگز کا آغاز کیا تاہم اسٹیفن 21 اور مائیکل 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کریگ ولیمس کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹ گئے جبکہ کپتان گرہارڈ ایراسمس 12، نکول لفٹی ایٹن 5 اور جے جے اسمتھ 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، وکٹ کیپر بلے باز زین گرین صفر جبکہ ڈیوڈ ویزے 26 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

بھارت کی جانب سے رویندرا جدیجا اور روی چندر ایشون نے 3،3 جبکہ جسپرٹ بمرا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے ویرات کوہلی کا بطور کپتان یہ آخری ٹی ٹوئنٹی میچ تھا، بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ روی شاستری نے بھی آخری بار کوچنگ کے فرائض انجام دیئے، اب راہول ڈریوڈ بھارتی ٹیم کی کوچنگ سنبھال لیں گے تاہم ٹی ٹوئنٹی میں بھارت کے نئے کپتان کون ہوں گے اس کا فیصلہ ابھی تک نہیں کیا گیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button