کھیل

انگلینڈ نے آسٹریلیا، جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو شکست دیدی

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو شکست دے دی۔

دبئی میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے 26ویں میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کی پوری ٹیم 125 رنز پر پویلین لوٹ گئی جب کہ انگلش ٹیم نے مطلوبہ ہدف 12ویں اوور میں 2 وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔

اس سے قبل ٹاس انگلش کپتان اون مورگن نے جیت کر پہلے آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی تو آسٹریلیا کی ٹاپ آرڈر بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی اور 51 رنز پر آدھی ٹیم پویلین واپس لوٹ چکی تھی۔ ڈیوڈ وارنر اور اسٹیون اسمتھ ایک ایک، گلین میکسوئل 6، مارکس اسٹونس 0، میتھیو ویڈ 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کپتان ایرون فنچ نے 44 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، ایشٹن اگار 20، پیٹ کمنز 12 اور مچل اسٹاک 13 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کے 125 رنز کے جواب میں انگلینڈ کی جانب سے جوز بٹلر نے 71 رنز کی جارحانہ اور ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔ جیسن روئے 22 اور ڈیوڈ ملان 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

واضح رہے آسٹریلیا اور انگلینڈ نے اپنے دونوں ابتدائی میچ میں فتح حاصل کر رکھی ہے اور دونوں 4، 4 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں۔

اس سے قبل جنوبی افریقا نے دلچسپ مقابلے کے بعد سری لنکا کو شکست دی تھی۔

دبئی میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں سری لنکا کی پوری ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 142 رنز پر پویلین لوٹ گئی اور جنوبی افریقا نے مطلوبہ ہدف ایک گیند قبل حاصل کیا۔

جنوبی افریقا کی جانب سے کوئنٹن ڈی کاک 12، ریزا ہینڈرکس 11، وان ڈار ڈاسن 16 اور ایڈن مارکرم 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم کپتان ڈمبا باؤما نے 46 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ ڈیوڈ ملر نے 23 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔

سری لنکا کی جانب سے ہسرنگا ڈی سلوا نے 3 اور دشمنتھا چمیرا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل جنوبی افریقا نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تو سری لنکا کی جانب سے اننگز کا آغاز کچھ خاص انداز میں نہ ہو سکا، اوپنر کوشل پریریا بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جب ون ڈاؤن آنے والے اسالانکا صرف 21 رنز بناکر رن آؤٹ ہو گئے۔

ایک ساتھ تین وکٹیں گرنے کے بعد جنوبی افریقا کی مظبوط بولن لائن کے خلاف سری لنکا کا کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر وکٹ پر نہ کھڑا رہ سکا، صرف اوپنر نسانکا نے 72 رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت سری لنکا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 142 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button