کھیل

آصف علی کی جارحانہ بیٹنگ، افغانستان کی امیدوں پر پانی پِھر گیا

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان نے آصف علی کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت افغانستان کو 5 وکٹ سے شکست دے دی۔

دبئی میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے میچ میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 147 رنز بنائے اور پاکستان نے مطلوبہ ہدف 19ویں اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر پورا کیا۔

قومی ٹیم کی جانب سے محمد رضوان اور بابراعظم نے اننگز کا آغاز کیا تاہم رضوان صرف 8 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد فخرزمان 30 رنز کی ذمہ دارنہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد حفیظ صرف 10 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

بابراعظم نے ایک اور ذمہ دارنہ اننگز کھیلتے ہوئے 45 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی اور وہ 51 رنز بناکر پویلین واپس لوٹے۔ شعیب ملک نے 15 گیندوں پر 19 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کو 12 گیندوں پر 24 رنز درکار تھے جو آصف علی نے ایک ہی اوور میں 4 چھکے لگا کر ہدف پورا کرلیا۔ افغانستان کی جانب سے راشد خان نے 2، نوین الحق، محمد نبی اور مجیب الرحمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس دوران قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹی ٹوئنٹی میں ایک اور اعزاز بھی اپنے نام کیا۔ بابراعظم نے اپنی 26ویں اننگز میں بطور کپتان ٹی ٹوئنٹی میں تیز ترین ایک ہزار رنز مکمل کیے جب کہ ویرات کوہلی نے یہ کارنامہ 30 میچوں میں انجام دیا تھا۔

اس سے قبل افغانستان کے کپتان محمد نبی نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ افغانستان کی جانب سے حضرت اللہ زازائی اور محمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا تاہم زازائی دوسرے ہی اوور میں کھاتہ کھولےبغیر پویلین واپس لوٹ گئے اور اگلے ہی اوور میں شہزاد بھی 8 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔

اصفر افغان بھی چوتھے اوور میں 10 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ رحمت اللہ گرباز بھی 10 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین واپس لوٹے، کریم جنت کی اننگز 15 رنز تک محدود رہی  اور نجیب اللہ زردان بھی 22 رنز کے بعد ہمت ہارگئے۔

آخر میں کپتان محمد نبی اور گلبدین نیب نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے افغانستان کا اسکور آگے بڑھایا دونوں 35،35 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے عماد وسیم نے 2، حارث رؤف، شاہین آفریدی، حسن علی اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل شارجہ میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے تیسویں میچ میں ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3 رنز سے شکست دی تھی۔

میچ کے آغاز پر بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو ویسٹ انڈیز کی جانب سے اننگز کا آغاز کرس گیل اور ایون لیوس نے کیا تاہم دونوں اوپنرز خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور صرف 18 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔

ون ڈاؤن آنے والے روسٹون چیز نے بنگلہ دیشی بولرز کے آگے مزاحمت جاری رکھی اور 39 رنز بنائے جب کہ پوران نے جارحانہ انداز اپنایا اور 22 گیندوں پر 40 رنز بنائے۔

بنگلہ دیشی بولرز کی زبردست بولنگ کے باعث دیگر کھلاڑیوں نے خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کیا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 142 رنز ہی بنا سکی۔

جواب میں بنگلہ دیش کی جانب سے اننگز کا آغاز کرنے والے محمد نعیم 17 اور شکیب الحسن 9 رنز بنا سکے البتہ لٹن داس نے 44 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، سومیا سرکار 17 جبکہ مشفق الرحیم 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بنگلہ دیش کو آخری گیند پر 4 رنز درکار تھے اور کپتان محمد اللہ 31 رنز پر ناٹ آؤٹ رہ کر بھی اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار نہ کروا سکے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے روی رامپال، جیسن ہولڈر، آندرے رسل، عقیل حسین اور ڈیوائن براؤ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button