رمیز راجہ پی سی بی کے نئے چیئرمین منتخب
سابق ٹیسٹ کرکٹر رمیز راجہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے۔ لاہور میں ہونے والے پی سی بی کے گورننگ باڈی کے خصوصی اجلاس میں رمیز راجہ کو چیئرمین پی سی بی منتخب کیا گیا۔
خیال رہے کہ سابق چیئرمین احسان مانی کے عہدے کی معیاد پوری ہونے کے بعد پی سی بی کے پیٹرن ، وزیراعظم عمران خان نے27 اگست کو رمیز راجہ کے علاوہ اسدعلی خان کو تین سال کے لیے پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کا رکن نامزد کیا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین کے انتخاب کے لیے گورننگ بورڈ کا خصوصی اجلاس آج نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں ہوا جس کی صدارت بورڈ کے الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ شیخ عظمت سعید نے کی۔ سابق کپتان اور گورننگ بورڈ میں پیٹرن ان چیف وزیراعظم عمران خان کے نامزد کردہ رمیز راجہ بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے۔
صوبائی ایسوسی ایشن کے انتخابی عمل مکمل نہ ہونے کے باعث کوئی منتخب نمائندہ اجلاس میں شریک نہیں ہوا۔ گورننگ بورڈ کے ممبران عاصم واجد جواد ، عالیہ ظفر ، اسد علی خان ، عارف سعید ، جاوید قریشی ، رمیز راجہ اور وسیم خان نے خصوصی اجلاس میں شرکت کی۔
رمیز راجہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے 36 ویں چیئرمین ہیں ، انہیں احسان مانی کی جگہ پی س بی کی چیئرمین شپ دی گئی ہے۔
وہ سال 2003 سے 2004 تک پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو بھی رہ چکے ہیں۔ وہ آئی سی سی چیف ایگزیکٹو کمیٹی میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ رمیز راجہ ایم سی سی کی موجودہ ورلڈکرکٹ کمیٹی کے رکن ہیں۔ان کا شمار دنیا کے معروف براڈکاسٹرز میں ہوتا ہے۔ احسان مانی نے تین سال تک پی سی بی چیرمین کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دیں ۔
رمیز راجہ چوتھے کرکٹر ہیں جو چیئرمین پی سی بی بنے ہیں ۔ 59 سالہ رمیز راجہ 1984 سے 1997 تک پاکستان کرکٹ ٹیم کا حصہ رہے۔ رمیز راجہ نے پاکستان کی جانب سے 57 ٹیسٹ اور 198 ون ڈے کھیلے۔ انہوں نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے اپنا ڈیبیو نیوزی لینڈ کے خلاف چھ فروری 1985 میں کرائسٹ چرچ میں کیا۔
انہوں نے پاکستان کی جانب سے آخری میچ ٹورانٹو میں بھارت کے خلاف 21 ستمبر 1997 میں کھیلا جس کے بعد 2006 سے اب تک کمنٹیٹر کی حیثیت سے کرکٹ سے وابستہ ہیں۔