لکی مروت کا بلائنڈ کرکٹر ثناء مروت حکومتی توجہ سے محروم
پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کا مایہ ناز کھلاڑی ثناء مروت حکومتی توجہ سے محروم ہے۔ ثناء مروت کا تعلق خیبر پختونخوا کے پسماندہ ضلع لکی مروت سے ہے، اس کھلاڑی نے ملک کیلئے کئی بین الاقوامی اعزازات حاصل کئے ہیں تاہم حکومت کی توجہ سے محروم ہیں۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق یہ نامور کھلاڑی پاکستان کیلئے کئی بین الاقوامی میچز کھیل چکا ہے اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کر چکا ہے، ثناء مروت دو ورلڈ کپس سمیت کئی بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستانی ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
ثناء مروت نے ٹی این این کو بتایا کہ ان کا تعلق لکی مروت کے ایک غریب خاندان سے ہے، شادی شدہ ہے اور انکے دو بچے ہیں اور قومی ہیرو ہونے کے باوجود حکومتی توجہ سے محروم ہے۔ اعلی تعلیم یافتہ ہے لیکن ابھی تک کسی ادارے میں ملازمت نہیں مل سکی ہے، وہ پچھلے سات سالوں سے ملازمت کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہا ہے کئی سرکاری عہدے داروں، وزیروں اور مشیروں نے ان سے وعدے تو کیے ہیں لیکن ابھی تک ایک بھی ایفاء نہ ہو سکا۔ انہوں نے بتایا کہ سات سالوں سے ٹھوکریں کھا رہا ہے، کئی جگہوں پر ملازمت کے لیے اپلائی کرچکا ہے لیکن ابھی تک کوئی نوکری نہ مل سکی۔
ثناء مروت کا کہنا ہے انکی آخری امید وزیراعظم عمران خان ہے کیونکہ وہ خود ایک کھلاڑی رہ چکے ہیں اور لازما کھلاڑیوں کی کسمپرسی پر توجہ دیں گے۔