ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 47 رنز سے شکست دے کر پی ایس ایل 6 کی ٹرافی اپنے نام کر لی۔
ابوظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے فائنل میں ملتان سلطانز نے صہیب مقصود اور ریلی روسوو کی جارحانہ اننگز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 206 رنز بنائے جس کے جواب میں پشاور زلمی کی پوری ٹیم 9 وکٹ کے نقصان پر 159 رنز ہی بنا سکی۔
اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر پہلے ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ محمد رضوان اور شان مسعود نے ٹیم کو پراعتماد آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ 68 رنز پر گری جب شان مسعود 37 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
ملتان سلطانز کی دوسری وکٹ کپتان محمد رضوان کی صورت میں گری جو 30 رنز بنانے کے بعد کامران اکمل کو کیچ دے بیٹھے تاہم رضوان کے آؤٹ ہونے کے بعد ریلی روسوو اور شعیب مقصود نے لاٹھی چارچ شروع کر دیا۔
https://twitter.com/thePSLt20/status/1408115895495368706
مقصود نے 26 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی جب کہ روسوو نے صرف 20 گیندوں پر نصف سنچری بنائی تاہم وہ اپنی اننگز کو آگے نہ بڑھا سکے، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔ مقصود 65 اور خوشدل شاہ 15 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
https://twitter.com/thePSLt20/status/1408113038289375235
پشاور زلمی کی جانب سے محمد عمران اور ثمین گل نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور حضرت اللہ زازئی نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا تاہم بدقسمتی سے 42 رنز پر دونوں کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ کامران اکمل 36 اور زازئی 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ جوناتھن ویلز بھی 6 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے۔
58 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد شعیب ملک اور رومن پاول جارحانہ کھیل پیش کر کے پشاور زلمی کو میچ میں واپس لے آئے تاہم پاول 14 گیندوں پر 23 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے جبکہ ملک بھی 28 گیندوں پر 48 رنز بنانے کے بعد ہمت ہار گئے۔
عمران طاہر نے ایک ہی اوور میں شیرفن ردرفورڈ، وہاب ریاض اور محمد عمران کو پویلین بھیج کر پشاور زلمی کی رہی سہی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ عماد بٹ 7 رنز بنا کر عمران خان کا شکار بنے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے عمران طاہر 3، بلیسنگ مزارابانی 2، عمران خان اور سہیل تنویر ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
صہیب مقصود کو شاندار اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ دیا گیا۔ شاہنواز دھانی کو ایمرجنگ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ دیا گیا۔
پشاور زلمی کو اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ٹورنامنٹ کے بہترین وکٹ کیپر کا ایوارڈ محمد رضوان کو دیا گیا۔
ٹورنامنٹ کے بہترین بولر کا ایوارڈ بھی شاہنواز دھانی کو دیا گیا۔ ٹورنامنٹ کے بہترین بلے باز کا ایوارڈ صہیب مقصود کو دیا گیا جب کہ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ بھی صہیب مقصود کو دیا گیا۔
واضح رہے پی ایس ایل کی فاتح ٹیم کو ساڑھے 7 کروڑاور ہارنے والی ٹیم کو تین کروڑ کی انعامی رقم ملے گی جب کہ بہترین بولر، فیلڈر اور وکٹ کیپر کو 8، 8 لاکھ روپے کے چیک دیے جائیں گے اور اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ کیلیے 32 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔