کھیل

حسن علی پی ایس ایل کے باقی میچز نہیں کھیلیں گے

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ بولر حسن علی خاندانی مصروفیات کی وجہ سے لیگ کے بقیہ میچز سے دستبردار ہوگئے۔

26 سالہ فاسٹ بولر حسن علی نے ابوظبی میں پی ایس ایل کے دو میچز میں شرکت کی،  لاہور اور کوئٹہ کے خلاف میچز میں انہوں نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں تاہم اب وہ اگلے میچز میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی انتظامیہ کے مطابق حسن علی فیملی مصروفیات کی وجہ سے فوری طور پر وطن واپس جارہے ہیں۔

اس حوالے سے حسن علی کا کہنا تھاکہ کچھ اہم معاملات کی وجہ سے وہ پی ایس ایل سے دستبردار ہورہے ہیں، کچھ چیزیں کرکٹ سے بڑھ کر ہوتی ہیں اور فیملی سب سے بڑھ کر ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرنا چاہیں گے کہ ان کی پوزیشن کو سمجھا اور لیگ سے جانے کی اجازت دی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ ٹیم حسن علی کی پوزیشن سمجھ سکتی ہے، فیملی ہمیشہ اولین ترجیح ہوتی ہے، ان کی عدم موجودگی ٹیم کیلئے نقصان دہ ضرور ہوگی لیکن بعض چیزیں کرکٹ سے زیادہ اہم ہوتی ہیں۔

خیال رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم اپنا اگلا میچ اتوار کو لاہور قلندرز کے خلاف کھیلے گی۔

ٹورنامنٹ کے پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت لاہور قلندرز پہلی، اسلام آباد یونائیٹڈ دوسری، کراچی کنگز تیسری، پشاور زلمی چوتھی، ملتان سلطان پانچویں جبکہ کوئٹہ گلیڈئیٹرز آخری نمبر پر ہے۔

گزشتہ رات میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈئیٹرز کو 61 رنز سے ہرایا تھا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button