کھیل

جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز، ٹی 20 کرکٹ میں فتوحات کی پہلی سنچری پاکستان کے نام

پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تیسرے اور فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔

لاہور میں کھیلے گئے آخری میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو بیٹنگ کی دعوت دی، جنہوں نے پاکستان کے خلاف مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے ریزا ہنڈرکس اور جے جے سمٹس نے اننگز کا آغاز کیا تاہم دونوں بیٹسمین زیادہ دیر کریز پر نہ ٹک سکے اور محمد نواز نے دونوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جس کے بعد تیسرے نمبر پر آنے والے وین بلجون بھی 16 رنز پر جبکہ ان کے بعد کلاسی صفر پر پویلین لوٹ گئے، میلان 27 پر آؤٹ ہوئے، دیگر کھلاڑیوں میں اینڈیئل بھی صفر، ڈیوائن 9 اور بجورن 10 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی باؤلنگ سائیڈ میں زاہد محمود نے 3، محمد نواز اور حسن علی نے 2، 2 جبکہ عثمان قادر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی جانب سے حیدر علی اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا تو پاکستان کی پہلی وکٹ 51 رنز پر گری جس میں حیدر علی 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، دوسری وکٹ 73 رنز پر گری جب محمد رضوان 42 رنز پر شمسی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے، ان کے بعد حسین طلعت آئے اور 5 رنز پر پویلین لوٹ گئے جب کہ کپتان بابر اعظم 44 رنز بنا کر پریٹوریئس کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

دیگر کھلاڑیوں میں آصف علی 7 اور فہیم اشرف 10 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ محمد رضوان کو سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا جنہوں نے تین میچوں میں 197 رنز بنائے۔

پاکستان، ٹی ٹوئنٹی میں فتوحات کی سنچری مکمل کرنے والا پہلا ملک

پاکستان کرکٹ ٹیم کو سیریز جیتنے کے بعد بڑا اعزاز بھی مل گیا، ٹی 20 انٹر نیشنل کرکٹ میں پاکستان کی فتوحات کی سنچری مکمل ہو گئی جس کے بعد پاکستان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں فتوحات کی سنچری مکمل کرنے والا پہلا ملک بن گیا۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے قومی کرکٹ ٹیم کی فتح پر کہا ہے کہ پاکستان کی کامیابی ٹیم ورک اور مشترکہ محنت کا ثمر ہے، کرکٹ فینز پاکستان کرکٹ ٹیم سے ملک کے اندر اور باہر ایسی ہی کارکردگی کی توقع رکھتے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button