کھیل

نیوزی لینڈ میں موجود قومی کرکٹ ٹیم کے چھ کھلاڑی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے

نیوزی لینڈ میں موجود قومی ٹیم کے 6 کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔ نیوزی لینڈ کرکٹ نے تصدیق کرتے ہوئے یہ بھی کہا ہے کہ پاکستان سکواڈ کے کچھ اراکین نے آئسولیشن کے پہلے روز ایس او پیز کی خلاف ورزی بھی کی ہے جس پر ہیلتھ منسٹری نے آخری وارننگ بھی جاری کی ہے۔ کرکٹ سکواڈ کے کرائسٹ چرچ پہنچنے پر گزشتہ روز پہلی کووڈ 19 ٹیسٹنگ کی گئی تھی۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کا کہنا ہے کہ مثبت آنے والے 6 اراکین میں دو پہلے بھی وائرس کی ہسٹری رکھتے ہیں جب کہ چار نئے کیسز ہیں، کووڈ 19 ٹیسٹ مثبت آنے پر اراکین کو قرنطینہ بھیج دیا جائے گا جہاں اراکین مینجڈ آئسولیشن میں رہیں گے اور تمام تحقیقات مکمل ہونے تک ٹریننگ کی سہولت سے روک دیا گیا ہے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کا کہنا ہے کہ پاکستانی سکواڈ کے کچھ اراکین نے آئسولیشن کے پہلے روز ایس او پیز کی خلاف ورزی کی، اس حوالے سے دورہ کرنے والی ٹیم مینجمنٹ کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ منسٹری آف ہیلتھ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستانی اسکواڈ کو آخری وارننگ جاری کی گئی ہے، ٹیم کے چند اراکین کو سی سی ٹی وی کے ذریعے آئسولین کی خلاف ورزی کرتے ہو ئے دیکھا گیا ہے،6 اراکین کی قرنطینہ میں کم از کم 4 بار کووڈ 19 ٹیسٹنگ ہو گی، پاکستان ٹیم مینجمنٹ سے کہا گیا ہے کہ تمام ممبران کو کمرے تک رہنے کا پابند بنایا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کووڈ 19 ٹیسٹ مثبت آنے والے تمام کرکٹرز ہیں اور پروٹوکولز کی اگر مزید خلاف ورزی ہوئی تو دورہ خدشات کا شکار ہو جائے گا۔ علاوہ ازیں اسسٹنٹ کوچ شاہد اسلم آکلینڈ میں آئسولیشن میں ہیں، انہوں نے ائیر پورٹ پر گلے میں تکلیف کی شکایت کی تھی۔

قومی کرکٹ ٹیم ان دنوں دورہ نیوزی لینڈ پر موجود ہے جہاں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔  پہلا ٹی ٹونٹی میچ 18 دسمبر کو آکلینڈ اور دوسرا 20 دسمبرکو ہیملٹن میں کھیلا جائے گا جب کہ سیریز کا تیسر ا میچ 22 دسمبر کو نیپیئر میں ہوگا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button