خیبر پیس گیمز کا 13 اکتوبر سے آغاز ہو گا
ضلع خیبر میں 13 اکتوبر سے خیبر پیس گیمز کا آغاز کیا جائے گا، مختلف گیمز میں 2 ہزار کھلاڑی حصہ لیں گے۔
قبائلی اضلاع میں قیام امن کے بعد ایک بار پھر کھیل کے میدان آباد ہونے لگے۔ ضلع خیبر میں محکمہ کھیل کی جانب سے فاٹا انضمام اور امن بحالی کے بعد ضلع خیبر کی تینوں تحصیلوں میں تاریخ ساز امن سپورٹس میلے کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس کا باقاعدہ آغاز 13 اکتوبر سے ہو گا۔
میلے میں فٹبال کرکٹ اور ہاکی سمیت 14 گیمز میں 2 ہزار کھلاڑی حصہ لیں گے، کھلاڑیوں کو محکمہ سپورٹس کی طرف سے سپورٹس کٹس بھی فراہم کی جائیں گی، تمام مقابلے ضلع خیبر کی تینوں تحصیلوں میں منعقد کئے جائیں گے، مقابلوں سے ہزاروں شہری محظوظ ہوں گے۔
اس حوالے سے قبائلی اضلاع کے سپورٹس ڈائریکٹر محمد نواز کا کہنا ہے کہ کھیل کے میدان آباد ہونا قیام امن کی علامت اور صحت مند معاشرے کا وجود ہے، سپورٹس میلوں کے انعقاد سے قبائلی جوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے کیونکہ قبائلی جوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپورٹس میلہ ضلعی سپورٹس منیجر راہد گل ملاگوری کی نگرانی میں منعقد کیا جا رہا ہے جو کہ دو ہفتوں تک جاری رہے گا۔