دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ مانچسٹر میں کھیلے گئے میچ میں انگلش ٹیم کے کپتان این مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس پر پاکستانی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے۔

میزبان ٹیم نے 196 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر ایک اوور قبل 199 رنز بنا کر پورا کرلیا۔ پاکستانی ٹیم کی اننگز کا آغاز مستحکم رہا اور اوپنرز نے 72 رنز کا پراعتماد شراکت قائم کی، پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی فخر زمان تھے جو 36 رنز بنا کر عادل رشید کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

112 کے مجموعی سکور پر کپتان بابر اعظم بھی آؤٹ ہوگئے اور انہوں نے 44 گیندوں پر 56 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شعیب ملک تھے جو 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر محمد حفیظ نے اپنی جارحانہ اننگز جاری رکھی اور 26 گیندوں پر 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے نصف سینچری مکمل کی، حفیظ آخری اوور میں 36 گیندوں پر 69 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹوم کورن کی گیند پر آؤٹ ہوئے جب کہ افتخار احمد 8 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید نے 2 اور کرس جورڈن اور ٹوم کورون نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کے اوپنرز نے بھی 66 رنز کا مستحکم آغاز فراہم کیا، انگلینڈ کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جونی بیرسٹو تھے جو کہ 24 گیندوں پر 44 رنزبنا کر شاداب خان کا شکار بنے۔

اگلی ہی گیند پر ٹام بینٹن بھی شاداب خان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، انہوں نے ٹیم کے سکور میں 20 رنز کا اضافہ کیا۔ دو وکٹیں گرنے کے بعد کپتان این مورگن اور ڈیوڈ میلان نے 112 رنز کی شراکت قائم کی، این مورگن 178 کے مجموعی سکور پر حارث رؤوف کی گیند پر آؤٹ ہوئے، مورگن نے 33 گیندوں پر 66 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

ان کے بعد سیم بلینگز اور معین علی بالترتیب 10 اور ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم ڈیوڈ میلان وکٹ پر موجود رہے اور 19 ویں اوور کی آخری گیند پر چوکا مار کر ٹیم کو فتح دلوادی، میلان نے ناقابل شکست 54 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے 3 اور حارث رؤف نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ خیال رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا  اور اب تین میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

Show More

جواب دیں

Back to top button
Close