محمد رضوان کی مزاحمت بھی جواب دے گئی، پاکستانی ٹیم 236 رنز پر آؤٹ
انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم 236 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ ساؤتھمپٹن میں بارش سے متاثرہ میچ کے آج چوتھے دن پر پاکستان نے اپنی اننگز کا 223 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر آغاز کیا تو محمد رضوان 60 اور نسیم شاہ ایک رنز پر کھیل رہے تھے۔ رضوان نے تین مزید چوکوں کے ساتھ اپنا اننگز آگے بڑھانے کی کوشش کی لیکن جلد ہی براڈ کے بال پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
پاکستانی اننگز میں سب سے زیادہ رنز محمد رضوان نے 72 رنز بنائے جبکہ اوپنر عابد علی نے 60، بابر اعظم 47 اور کپتان اظہر علی 20 رنز بناسکے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے مزید کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہیں ہوسکا ہے۔ 11 سال بعد ٹیم میں منتخب ہونے والا فواد عالم بھی صفر پر آؤٹ ہوگئے ہیں۔
میچ کے پہلے دونوں دن بارش سے جزوی طور پر متاثر ہونے کے بعد تیسرے دن کا کھیل شروع ہی نہ ہوسکا تھا۔
انگلینڈ کی جانب سے براڈ نے 4 جبکہ انڈرسن نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے۔
تین میچوں کی سیزیز کا پہلا ٹیسٹ میچ انگلینڈ جیت چکا ہے جبکہ سیریز بچانے کے لئے پاکستان کو رواں میچ جیتنا یا برابر کرنا ضروری ہے۔