مانچسٹرٹیسٹ: انگلینڈ کے خلاف پاکستان کا پلڑہ بھاری
مانچسٹر میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں اب تک کی صورتحال میں انگلینڈ کے خلاف پاکستان کرکٹ ٹیم کی پوزیشن مضبوط ہوگئی ہے۔ پاکستان نے پہلی اننگز میں شان مسعود کی سنچری کی بدولت 326 رنز آل آؤٹ بنائے جس کے جواب میں انگلینڈ کی 4 وکٹیں محض 92 رنز پر گر چکی ہیں جبکہ اسے 234 رنز کا خسارہ ہے۔
جمعرات کو کھیل کے دوسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی ادھوری اننگز 139 رنز 2 کھلاڑیوں کے نقصان پر شروع کی اور بابر اعظم اور شان مسعود نے پاکستان کی اننگز کو آگے بڑھایا۔انگلینڈ کو جلد ہی بڑی کامیابی مل گئی جب بابر اعظم 69 رنز بناکر جیمز اینڈرسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد اسد شفیق اور محمد رضوان بھی خاطر خواہ بیٹنگ کا مظاہرہ نہ کرسکے اور بالترتیب 7 اور 9 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد شاداب خان نے شان مسعود کے ساتھ مل کر خوداعتمادی سے بیٹنگ کی اور ٹیم کا سکور 281 رنز تک پہنچادیا۔
اس موقع پر شاداب خان 45 رنز بناکر ڈوم بیس کا شکار بن گئے۔ شاداب کے بعد یاسر شاہ 5، محمد عباس صفر اور نسیم شاہ بھی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔
اوپنر شان مسعود 156 رنز بناکر اسٹیورٹ براڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے جبکہ شاہین شاہ آفریدی 9 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان نے پہلی اننگز میں 326 رنز بنائے اور شان مسعود ، بابر اعظم اور شاداب خان نمایاں بلے باز رہے جبکہ انگلینڈ کی جانب سے اسٹیورٹ براڈ، جوفرا آرچر نے 3،3 کرس ووکس نے دو جبکہ جیمز اینڈرسن اور ڈوم بیس نے ایک ایک کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
انگلینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز روری برنس اور ڈوم سبلے نے کیا تاہم شاہین شاہ آفریدی نے صرف 4 کے مجموعی سکور پر روری برنس کو ایل بی ڈبلیو کرکے پاکستان کو جلد کامیابی دلادی۔
اس کے بعد 12 کے مجموعی سکور پر ڈوم سبلے بھی محمد عباس کی گیند پر 8 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ 12 ہی کے مجموعی سکور پر محمد عباس نے بین اسٹوکس کو بولڈ کرکے پاکستان کی پوزیشن مستحکم کردی۔
اس کے بعد یاسر شاہ نے 14 کے انفرادی اسکور پر جوئے روٹ کو پویلین کی راہ دکھادی۔ دوسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 92 رنز بنائے تھے اور اولی پوپ 46 اور جوز بٹلر 15 رنز بناکر کریز پر موجود تھے۔
تیسرے روز کا کھیل آج سہ پہر 3 بجے شروع کیا جائے گا۔