خیبر پختونخوا میں سینیٹ انتخابات آج ہونگے، پولنگ کی تیاریاں مکمل

خیبر پختونخوا میں سینیٹ کی 11 نشستوں پر انتخابات آج ہوںگے، جن کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کا عمل صبح 11 بجے شروع ہوگا، اور اس سلسلے میں انتخابی عملہ جرگہ ہال پہنچ چکا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جاری کردہ فہرست کے مطابق 7 جنرل، 2 خواتین اور 2 ٹیکنوکریٹ کی نشستوں کے لیے مجموعی طور پر 26 امیدوار میدان میں ہیں۔ جنرل نشستوں پر 16، ٹیکنوکریٹ پر 4 جبکہ خواتین کی نشستوں پر 6 امیدواروں کے نام شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق کئی امیدوار بروقت دستبردار نہ ہو سکے، جس کے باعث تمام نام فہرست میں شامل کئے گئے ہیں۔
حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سینیٹ انتخابات کیلئے چھ پانچ کے فارمولے پر اتفاق ہو چکا ہے، جس کے تحت حکومت کے چھ اور اپوزیشن کے پانچ امیدوار کامیاب ہوں گے۔
تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مراد سعید، مرزا خان آفریدی، فیصل جاوید اور نور الحق قادری جنرل نشستوں کے امیدوار ہیں، جبکہ روبینہ ناز خواتین اور اعظم سواتی ٹیکنوکریٹ کی نشست پر پارٹی کی نمائندگی کریں گے۔
اپوزیشن کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے نیاز احمد، جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے عطاء الحق اور پاکستان پیپلز پارٹی کے طلحہ محمود جنرل نشستوں پر امیدوار ہیں۔ خواتین کی نشست پر پیپلز پارٹی کی روبینہ خالد اور ٹیکنوکریٹ نشست پر جے یو آئی کے دلاور خان امیدوار ہیں۔
ایوان کی کل نشستیں 145 ہیں، جن میں پی ٹی آئی کے آزاد ارکان کی تعداد 93 اور اپوزیشن کے ارکان کی تعداد 52 ہے، جس کے تحت چھ پانچ کا فارمولہ طے پایا ہے۔