سیاستعوام کی آواز

ثمر ہارون بلور اے این پی چھوڑ کر مسلم لیگ (ن) کا حصہ بن گئی

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کو خیبر پختونخوا کی سیاست میں بڑا دھچکا لگا ہے، جہاں پارٹی سے دیرینہ وابستگی رکھنے والے بلور خاندان کی اہم شخصیت ثمر ہارون بلور نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔

ہارون بلور کی بیوہ اور بشیر بلور کی بہو، ثمر ہارون بلور نے اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ثمر بلور کو مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشست پر رکن بنانے پر غور کر رہی ہے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے ہونے والی ملاقات میں ثمر ہارون بلور کے ہمراہ سعیدہ جمشید اور جمشید مہمند بھی شریک تھے۔ ملاقات میں ثمر بلور نے وزیراعظم کو ملک کی معاشی بہتری، عوام دوست بجٹ اور ترقی کے سفر میں قائدانہ کردار پر خراج تحسین پیش کیا۔

ثمر ہارون بلور نے اس موقع پر کہا کہ وہ چاہتی ہیں خیبر پختونخوا بھی پنجاب اور وفاق کی طرز پر ترقی کرے، اور وہ وزیراعظم اور پارٹی قیادت کے ساتھ مل کر صوبے کی عوام کی خدمت کریں گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ثمر ہارون بلور کی پارٹی شمولیت کا خیر مقدم کیا اور ان کے عوامی خدمت کے جذبے کی تعریف کی۔

ملاقات میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ، انجینئیر امیر مقام، سردار یوسف، رانا مبشر اور مرتضیٰ جاوید عباسی بھی شریک تھے۔

یاد رہے کہ ثمر ہارون بلور کے شوہر ہارون بلور 10 جولائی 2018 کو پشاور کے علاقے یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی کی انتخابی مہم کے دوران ہونے والے خودکش حملے میں جانبحق ہوئے تھے، جس میں 20 افراد جاں بحق اور 48 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ اس حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی تھی۔

ہارون بلور کے والد، بشیر احمد بلور کو بھی دسمبر 2012 میں پشاور میں ایک خودکش حملے میں قتل کیا گیا تھا۔ بلور خاندان کو خیبر پختونخوا کی سیاست میں جانوں کا نذرانہ دینے والا سمجھا جاتا ہے اور اس خاندان نے ہمیشہ جمہوری اقدار اور عوامی خدمت کی سیاست کو فروغ دیا۔

سیاسی ماہرین ثمر بلور کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کو خیبر پختونخوا کی بدلتی ہوئی سیاسی صف بندی میں اہم پیش رفت قرار دیے رہے ہیں، جس کے اثرات آئندہ عام انتخابات میں محسوس کئے جا سکتے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button