پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے ترجمان امجد خان آفریدی کے فارم ہاؤس پر حملہ، بیٹا زخمی
پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے ترجمان اور سابق وزیر امجد خان آفریدی کے فارم ہاؤس پر نامعلوم افراد نے حملہ کر دیا۔ فارم ہاؤس پر فائرنگ کے نتیجے میں امجد خان آفریدی کا بیٹا بابر عظیم آفریدی زخمی ہوگیا۔ بابر عظیم کو زخمی حالت میں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ حملہ اس وقت ہوا جب امجد خان آفریدی اپنے فارم ہاؤس میں موجود تھے۔ یاد رہے کہ یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے قبل بھی امجد خان آفریدی کے فارم ہاؤس کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔
بابر عظیم آفریدی حال ہی میں کوہاٹ میں تحصیل چیئرمین کے انتخابات میں بھی حصہ لے چکے تھے، جو ان کی سیاسی سرگرمیوں کا حصہ ہے۔
پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات امجد خان آفریدی نے حملے کی شدید مذمت کی ہے اور کہا کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے دور میں جان کی قیمت سستی ہوگئی ہے۔ انہوں نے واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ پیپلز پارٹی کسی بھی قسم کے دباؤ کو قبول نہیں کرے گی۔
امجد خان آفریدی نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے مخالفین خوفزدہ ہیں۔