سیاستعوام کی آواز
پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا میں نئی تنظیم سازی، اہم تبدیلیاں متعارف
پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا نے پارٹی کی تنظیم نو کے سلسلے میں اہم تبدیلیاں متعارف کرائی ہیں۔ جنرل سیکرٹری علی اصغرخان کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، صوبائی صدر وزیراعلیٰ سردار علی امین گنڈاپور کی منظوری کے بعد پشاور ریجن اور ضلع پشاور میں نئی تقرریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔
نوشہرہ، چارسدہ، مردان اور صوابی کے اضلاع پر مشتمل اہم پشاور ریجن کے صدر عاطف خان کی جگہ سابق ڈسٹرکٹ ناظم محمد عاصم خان کو نیا صدر مقرر کیا گیا ہے۔ کامران خان بنگش، جو کہ سابق صوبائی وزیر ہیں، پشاور ریجن کے جنرل سیکرٹری کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔
ضلع پشاور کے صدر ارباب شیر علی کو ہٹا کر ان کی جگہ عرفان سلیم کو ضلع پشاور کا صدر مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، ملک شہاب ایڈوکیٹ ضلع پشاور کے نئے جنرل سیکرٹری بن گئے ہیں۔