سیاستعوام کی آواز

پی ٹی آئی نے آج اسلام آباد میں جلسہ ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا

پاکستان تحریک انصاف پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اعظم سواتی نے چیئرمین بیرسٹر گوہر کی موجودگی میں آج اسلام آباد میں جلسہ ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان کی ہدایت پر آج ملتوی ہونے والا جلسہ اب 8 ستمبر کو ہوگا۔

دوسری طرف، رہنما شعیب شاہین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں جلسہ منسوخی کی اطلاع نہیں ملی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے توہین عدالت کی درخواست دی ہے اور جلسے کے حوالے سے مزید معلومات قیادت سے لیں گے۔

قبل ازیں، لاہور میں تحریک انصاف کے کارکن اسلام آباد روانگی کے لیے ٹھوکر پر جمع ہونا شروع ہوئے، جبکہ پولیس نے کارکنوں کو روکنے کے لیے ٹھوکر پر پہنچ کر کارروائی کی اور لاہور کی جنرل سیکرٹری خواتین ونگ سمیت دو خواتین اور ایک ڈرائیور کو حراست میں لے لیا۔

ممکنہ جلسے کے پیش نظر، انتظامیہ اور پولیس نے مین جی ٹی روڈ پر کنٹینرز لگا دیے تھے، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ جلسے کے لیے مختص جگہ بھی کھود دی گئی تھی۔

راولپنڈی میں راستوں کی بندش کے ساتھ، جڑواں شہروں کے لیے میٹرو بس سروس بھی آج مکمل طور پر معطل رہی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو وفاقی دارالحکومت میں جلسے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا تھا، جسے پی ٹی آئی نے ماننے سے انکار کرتے ہوئے آج شام 4 بجے ترنول چوک پشاور روڈ پر جلسے کا اعلان کیا تھا۔

بعد میں، حکومت پنجاب نے صوبے بھر میں تین روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے جلسے، جلوسوں، ریلیوں، دھرنوں، اور احتجاج پر پابندی عائد کر دی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button