سیاستعوام کی آواز

جے یو آئی پاکستان کے انٹرا پارٹی الیکشن کا شیڈول جاری، 15 اگست تک انتخابات مکمل کرنے کی ہدایات

جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) پاکستان نے نچلی سطح کے انٹرا پارٹی الیکشن کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ ملک بھر میں این سی، وی سی، یو سی، اور تحصیل انتخابات کا سلسلہ جاری ہے۔ الیکشن کا عمل چار مراحل پر مشتمل ہوگا، پہلے مرحلے میں این سی، وی سی، اور تحصیل انتخابات، دوسرے مرحلے میں ضلعی انتخابات، تیسرے مرحلے میں صوبائی انتخابات، اور چوتھے مرحلے میں مرکزی انتخابات شامل ہیں۔

مرکزی ناظم انتخابات مولانا عطاءالحق درویش نے تمام نچلی سطح کے انتخابات 15 اگست تک مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ دو ماہ سے جاری رکنیت سازی کا عمل اختتام پذیر ہو چکا ہے، اور تمام سطح کے ارکان مجلس عمومی کی فہرستوں کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔

جے یو آئی کے مرکزی معاون ناظم انتخابات عبدالجلیل جان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے مرکزی ناظم انتخابات مولانا عطاءالحق درویش کی نگرانی میں رکنیت سازی مہم کامیابی کے ساتھ مکمل ہوئی۔ مولانا درویش نے خیبر پختون خوا، سندھ، پنجاب، بلوچستان، قبائلی اضلاع، اسلام آباد اور گلگت بلتستان کا دورہ کیا اور رکن سازی مہم کی براہ راست نگرانی کی۔

انہوں نے کہا کہ اس بار رکن سازی مہم نے بازاروں، چوراہوں، بار رومز، اور گلی کوچوں تک کیمپ لگا کر عوامی شمولیت کو یقینی بنایا، جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں لوگوں نے جے یو آئی میں شمولیت اختیار کی۔ اورسیز پاکستانیوں نے بھی آن لائن رکنیت فارم پر کیا۔

عبدالجلیل جان نے بتایا کہ نچلی سطح کے انتخابات کا مرحلہ 80 فیصد مکمل ہو چکا ہے، اور بقیہ انتخابات 15 اگست تک مکمل کر لیے جائیں گے۔ دوسرے مرحلے میں ضلعی انتخابات کا شیڈول جاری کیا جائے گا، جبکہ تیسرے مرحلے میں صوبائی اور چوتھے مرحلے میں مرکزی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل میں کارڈ کے بغیر حق رائے دہی استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ تحصیل ناظمین اور معاونین نچلی سطح کے انتخابات کی نگرانی کریں گے، جبکہ صوبائی ناظمین اور مرکزی ناظم انتخابات صوبائی اور مرکزی انتخابات کی نگرانی کریں گے۔

جے یو آئی ہر پانچ سال بعد دستور کے مطابق رکن سازی اور تنظیم سازی کرتی ہے، اور اس وقت ملک بھر میں این سی، وی سی، یو سی، اور تحصیل سطح پر انٹرا پارٹی انتخابات زور و شور سے جاری ہیں۔ 15 اگست تک نچلی سطح کے انتخابات مکمل ہونے کے بعد اضلاع میں انتخابات کا شیڈول جاری کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ، 18 اگست کو لکی مروت میں امن عوامی اسمبلی کا تاریخی اجتماع اور 7 ستمبر کو مینار پاکستان لاہور میں ختم نبوت گولڈن جوبلی کانفرنس کے لئے تیاریاں جاری ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button