سیاست

سراج الحق عہدے جہانگیر ترین سیاست سے دستبردار

 

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے جماعت اسلامی کی امارت سے استعفیٰ دے دیا۔ ایک بیان میں  سراج الحق کا کہنا تھا کہ کوشش اور محنت کے باوجود انتخابات میں مطلوبہ کامیابی نہیں دلاسکا، انتخابات میں ناکامی کو قبول کرتے ہوئے بطور  امیر جماعت اسلامی استعفٰی دیتا ہوں۔

ترجمان جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ  سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے شوریٰ کا اجلاس 17 فروری کو  منصورہ میں طلب کر لیا ہے۔ ترجمان کے مطابق شوریٰ اجلاس میں سراج الحق کے استعفےکے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز جماعت اسلامی کے الیکشن کمیشن کے صدر نے نئے امیر کے انتخاب اور  اراکین کی رہنمائی کے لیے  3 ناموں کا اعلان بھی کیا تھا۔

ترجمان کے مطابق جماعت اسلامی کے نئے امیرکے لیے اعلان کردہ 3 ناموں میں سراج الحق، لیاقت بلوچ اور حافظ نعیم الرحمان شامل ہیں، اراکین ان 3 کے علاوہ بھی کسی رکن کے امیر کے منصب پر انتخاب کے لیے اپنی رائے دے سکتے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ امیرجماعت کے انتخاب کے تمام مراحل 31 مارچ 2024 تک مکمل کیے جائیں گے، اپریل میں صدر الیکشن کمیشن راشد نسیم نتائج کا اعلان کریں گے۔ ترجمان جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی میں دستور کے مطابق ہر سطح پر باقاعدگی سے انتخابات ہوتے ہیں، امیر جماعت اسلامی کا انتخاب ہر 5 سال بعد دستور کے مطابق ہوتا ہے۔

دوسری جانب استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیرترین نے سیاست سے علیحدگی کا اعلان کردیا۔ جہانگیر ترین کا کہنا تھاکہ استحکام پاکستان پارٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے استحکام پاکستان پارٹی کے اراکین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

خیال رہے کہ جہانگیر ترین عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی دو  نشستوں سے ہار گئے تھے جن میں این اے 149 اور این اے 155 لودھراں شامل ہیں۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button