مردان میں خواتین ووٹرز کا ٹرن آؤٹ حوصلہ افزا قرار
عبدالستار
آٹھ فرروی کو ہونے والے عام انتخابات میں ضلع مردان میں خواتین کے ووٹوں کا ٹرن آوٹ شرح 34 اعشاریہ 83فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جس کو حوصلہ افزا قرار دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے عملے کی جانب سے جاری فارم 47 میں خواتین کی جانب سے عام انتخابات میں ڈالے گئے ووٹوں کےحساب سے ضلع مردان کی آٹھ صوبائی اسمبلی میں خواتین نے کل 696382 ووٹوں میں سے 242558 ووٹ ڈال دیئے جس سے خواتین کے ووٹ ڈالنے کی شرح 34 اعشاریہ 83 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اسی طرح الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تفصیل کے مطابق مردان کے تین قومی اسمبلی کے انتخابات میں خواتین نے 232165 ووٹ استعمال کئے جس میں ووٹ ڈالنے کی شرح 33 اعشاریہ 34 فیصد رہا ہے۔
ضلع مردان میں عام انتخابات کے موقع پر مرد ووٹوں کی شرح 49۔59 ریکارڈ کی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کے ریکارڈ کے مطابق آٹھ صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں کل مرد ووٹوں کی تعداد 8 لاکھ 41 ہزار 696 ہیں جس میں 4 لاکھ 17 ہزار 424 ووٹ کاسٹ ہوئے جس کی شرح 49 اعشاریہ 59 بنتا ہے۔
اسی طرح قومی اسمبلی کے تین حلقوں پر مرد ووٹوں کی شرح 49 اعشاریہ 56 فیصد رہا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری فارم 47 میں دئے گئے تفصیل کے مطابق ضلع مردان میں کل 15 لاکھ 38 ہزار 78 ووٹوں میں سے چھ لاکھ 59 ہزار 9 سو 42 ووٹ استعمال کئے گئے ہیں جس کے حساب سے ٹرن آؤٹ 42 اعشاریہ 91 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
عام انتخابات پر نظر رکھنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ عام انتخابات میں پچھلے انتخابات کی نسبت ٹرن آوٹ زیادہ رہا ہے جبکہ عام انتخابات 2024 میں پچھلے عام انتخابات کی نسبت خواتین کا ووٹ ڈالنے کے لئے زیادہ نکلنا بھی خوش آئند ہیں۔