پشاور حلقہ پی کے 81 کے تمام پولنگ سٹشنز پر خواجہ سراؤں کے لیے علیحدہ قطار کا حکم
پشاور ہائی کورٹ نے پی کے 81 پر خواجہ سرا ووٹرز کے لیے علیحدہ قطار کا حکم دے دیا۔ پشاور ہائی کورٹ نے خواجہ سراء صوبیہ خان کی جانب سے مخصوص کوٹے کے لیے کیس کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ مخصوص کوٹے پر کاغذات وصول نہیں کئے گئے کیونکہ خواجہ سراوں کے لیے کوٹہ نہیں۔ عدالت نے عام انتخابات میں خواجہ سرا امیدوار صوبیہ کو سیکیورٹی فراہم فراہم کرنے کا حکم بھی دے دیا۔ خواجہ سرا صوبیہ پی کے 81 سے عام انتخابات میں آزاد امیدوار ہے۔
یاد رہے انتخابات میں حصہ لینے والے خیبر پختونخوا کے پہلے خواجہ سرا، صوبیہ خان نے خواجہ سراؤں کے لئے الگ نشست کا مطالبہ کیا تھا۔ صوبیا خان نے اِس سلسلے میں پشاور ہائی کورٹ میں ایک رٹ دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ خواجہ سراؤں کو ووٹ کا حق ہے تو الیکشن لڑنے کا کیوں نہیں۔
اِس حوالے سے صوبیا خان کا کہنا تھا کہ وہ انتخابات جیت کر خواجہ سراء کمیونٹی کے حقوق کے لیے کام کرنا چاہتی ہیں کیونکہ خواجہ سراوں کی بات کو کوئی نہیں سنتا اور نہ ہی کوئی ان کے حق کے لیے آواز اٹھاتا ہے۔ وہ چاہتی ہیں کہ انتخابات جیت کر خواجہ سراؤں کے حقوق کے لیے کام کریں۔
ٹی این این سے بات کرتے ہوئے صوبیا خان نے کہا کہ وہ نہ صرف خواجہ سراؤں کے لیے کام کرنا چاہتی ہیں بلکہ وہ اس سوچ کو بھی تبدیل کرنا چاہتی ہیں کہ خواجہ سراء معاشرے میں فلاح و بہبود کے لیے کام نہیں کر سکتے۔ وہ چاہتی ہیں کہ حلقے کی خواتین اور بچوں کے حقوق کے لیے بھی کام کریں اور لوگوں کو بتائیں کہ خواجہ سراء بھی کسی سے کم نہیں ہیں، بس ان کے پاس اختیارات نہیں ہیں۔ اگر اُن کو اختیارات مل جائیں تو وہ لوگوں کی بہتری کے لیے کام کر سکتے ہیں۔
صوبیہ خان کے مطابق ان کے گھر والے ہی نہیں علاقے کے لوگ بھی ان کو سپورٹ کر رہے ہیں۔ انہوں نے غیرسرکاری تنظیموں اور سول سوسائٹی سے درخواست کی کہ وہ ان کی انتخابی مہم کو سپورٹ کریں۔ اِس کے علاوہ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے بھی درخواست کی کہ انتخابی مہم کے دوران اُن کو سکیورٹی فراہم کی جائے کیونکہ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ کوئی خواجہ سرا انتخابات میں براہ راست حصہ لے رہا ہے۔
صوبیا خان نے بتایا کہ وہ علاقے میں ڈور ٹو ڈور مہم چلائیں گی اور مردوں کے علاوہ علاقے کی خواتین سے بھی ملیں گی کہ وہ اُن کو سپورٹ کریں۔
صوبیا کے مطابق خواجہ سراؤں کے لیے علیحدہ سیٹ نہ ہونے کہ وجہ سے انہوں نے جنرل سیٹ پر کاغذات جمع کرائے ہیں۔
خیال رہے کہ صوبیا خان ایک گریجویٹ ہیں اور ان کو خیبر پختونخوا کے پہلے خواجہ سراء براڈ کاسٹر ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ وہ چار سال سے ٹی این این کے پروگرام ”صوبیا خان شو” کی میزبان بھی ہیں۔