سیاست

خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں الیکشن ملتوی کرنے کا کوئی امکان نہیں، چیف الیکشن کمشنر

 

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں الیکشن ملتوی کرنے کا کوئی امکان نہیں۔

الیکشن کمیشن اجلاس کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ الیکشن 8 فروری کو ہی ہوں گے، وقت کی کمی کے باعث بیلٹ پیپرز کی مزید پرنٹنگ کی گنجائش نہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کی، آر ٹی ایس کی بجائے الیکشن مینجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس) کا استعمال شفاف انتخابات کیلئے ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا (کے پی) اور بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے اہم اجلاس طلب کیا تھا۔

یاد رہے بدھ کے روز ضلع باجوڑ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قومی اسمبلی حلقہ این اے 8 کے امیدوار ریحان زیب کو  قتل کردیا ہے۔

باجوڑ پولیس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے ریحان زیب پر صدیق اۤباد پھاٹک بازار میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کی۔ ریحان زیب ٹکٹ نہ ملنے کی وجہ سے آزاد امیدار کی حیثیت سے انتخابات کے میدان میں اترے تھے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button