سیاست

قبائلی اضلاع سے جنرل نشست پر خواتین بھی میدان میں آگئیں

 

عبدالقیوم آفریدی

ملک میں عام انتخابات کے لیے قبائلی اضلاع سے جنرل نشست پر خواتین بھی میدان میں آگئیں۔ ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ کے حلقہ پی کے 71 سے پہلی مرتبہ نسیم ریاض نامی خاتون نے خیبرپختونخوا کی جنرل نشست کے لئے کاغذات نامزدگی ریٹرننگ آفیسر اسسٹنٹ کمشنر باڑہ کے پاس جمع کرادیئے ہیں۔

خاتون نسیم ریاض کا تعلق باڑہ کے علاقہ ستوری خیل قبیلہ سے ہے۔ ٹی این این سے بات چیت کرتے ہوئے خاتون امیدوار نے کہا کہ وہ عرصہ دراز سے سوشل سیکٹر میں کام کر رہی ہیں۔ باڑہ سمیت پورے ضلع میں خواتین، بچوں، بزرگوں اور خصوصی افراد کو بہت زیادہ مسائل کا سامنا ہے جن کے حل کے لئے انہوں نے انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے میں مجھے میرے گھر والوں اور قبیلے کی طرف سے مکمل سپورٹ حاصل ہے اور کامیاب ہو کر دریپش مسائل کو نہ صرف اجاگر کرنے بلکہ ان کے حل کے لئے بھی کوشش کروں گی۔ امید ہے عوام انہیں جنرل الیکشن میں کامیابی سے ہمکنار کر کے اپنے مسائل کے حل میں ساتھ دیںگے۔

حلقہ پی کے 71 کی جنرل نشست پر میدان میں اترنے والی 55 سالہ خاتون نسیم ریاض کا بنیادی تعلق پشاور سے ہے اور ان کی شادی باڑہ کے قبیلہ ستوری خیل میں ہوئی۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونے کے ساتھ ساتھ وہ عرصہ دراز سے غیر سرکاری تنظیموں کے ساتھ وابستہ رہی ہیں اور علاقہ میں خواتین کو بااختیار بنانے، بچوں اور بزرگوں کے حقوق کے لئے کام کرتی رہی ہیں۔ تاہم اس بار انہوں نے خواتین اور بچوں کے حقوق کے حصول عام انتخابات لڑ کر اسمبلی فلور استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ شمالی وزیرستان کے حلقہ این اے 40 سے بھی عابدہ نامی خاتون امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button