سیاست

سابق سپیکر اسد قیصر کو 14 روز کیلئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

رفاقت اللہ رزڑوال
سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، جو حال ہی میں انسداد بدعنوانی کی عدالت سے ضمانت حاصل کر چکے ہیں کو گزشتہ روز ضلع چارسدہ پولیس نے 9 مئی کے حوالے سے درج مقدمات میں دوبارہ گرفتار کر لیا۔ انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کرنے سے پہلے چارسدہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں ان طبی معائنہ کیا گیا
ڈی ایچ کیو چارسدہ میں تین ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم نے سابق سپیکر کا طبی معائنہ کیا، جن کے مطابق اسد قیصر کی سینے اور گلے میں معمولی تکلیف پائی گئی ہے جبکہ بلڈ پریشر بھی نارمل ہے۔
اسد قیصر کے معائنے کے دوران ہسپتال ایمرجنسی میں بلڈپریشر چیک کرنے کا آلہ سپیگمومینومیٹر خراب نکلا جس کے لئے ہستپال انتظامیہ نے فوری طور پر نئے آلے کا انتظام کیا۔
گزشتہ روز صوابی کے سینئر سپیشل جج بابر علی خان نے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کو گجو خان میڈیکل کالج صوابی میں آلات کی خریداری کی مالی بے ضابطگیوں کے الزام میں 80 ہزار روپے کی ضمانتی مچلکوں کی شرط پر ضمانت دی تھی۔
تاہم اسد قیصر کو صوابی اور چارسدہ پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے 9 مئی کے واقعات میں موٹروے انٹرچینج کے جلاؤ گھیراؤ، بغاوت، نقص امن اور دہشتگردی کے جرائم میں ملزم کے طور پر مرغزار رہائش گاہ سے گرفتار کیا۔

چارسدہ پولیس کے مطابق اسد قیصر کے خلاف ضلع چارسدہ کے تھانہ پڑانگ میں 14 دفعات 120 بی، 121 اے، 122، 123 اے، 124 اے، 436، 144، 145،147، 148، 149، 341، 16 ایم پی او اور 7 اے ٹی اے کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں۔
ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال چارسدہ میں معائنے کے بعد اسد قیصر نے میڈیا سے مختصر بات چیت کرتے ہوئے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کے خلاف انکی مخالف سیاسی پارٹی مسلم لیگ ن اور نوازشریف کاروائیاں کر رہی ہے مگر ہم اپنی سیاسی جدوجہد آئین اور قانون کے تحت جاری رکھیں گے۔
اسد قیصر نے بتایا ” یہ ماحول فری اینڈ فیئر الیکشن کا نہیں ہے، یہ تو ہمارے خلاف نعرے لگاتے تھے کہ یہ سلیکٹڈ ہے مگر یہ خود سیلیکٹڈ پلس ہے، اس قسم کی الیکشن کو کون مانے گا اس سے بہتر یہ ہے کہ انوارالحق کی طرح نوازشریف کا ایک نوٹیفیکیشن جاری کرکے وزیراعظم بنا دیں”۔
انہوں نے مائنس عمران خان فارمولے کے ایک سوال کے جواب پر بتایا "عمران خان پی ٹی آئی ہے اور پی ٹی آئی عمران خان ہے”۔
اسد قیصر کی سیاسی گفتگو پر مسلم لیگ ن ضلع چارسدہ کے صدر میاں ہمایون شاہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا پاکستان تحریک انصاف کی کاروائیوں میں مسلم لیگ ن کا کوئی ہاتھ نہیں کیونکہ ان کے جرائم کے خلاف ریاست نے مقدمات درج کئے ہیں۔
ہمایون شاہ نے اسد قیصر کے الزام پر سوال اُٹھایا "اسد قیصر کس دلیل کے ساتھ مسلم لیگ ن پر الزام لگا رہی ہے کہ ان کے خلاف کاروائیاں نواز شریف کر رہا ہے، مسلم لیگ ن یا نواز شریف تو اقتدار میں ہے نہیں تو پھر ان کا نام کیوں لیا جا رہا ہے”؟

ہمایون کا کہنا تھا کہ 2018 میں دراصل انتخابات مسلم لیگ ن نے جیتے تھے مگر غیرجمہوری قوتوں نے دھاندلی کرکے پی ٹی آئی کو ملک پر مسلط کیا جس نے معیشت کا بیڑا غرق کر دیا۔
انکے مطابق پی ٹی آئی نے مسلم لیگ ن کے خلاف 2018 میں ‘ایجنسیوں’ کے ذریعے مختلف کرپشن کے کیسز بنائے تھے مگر ایک دھیلہ بھی ثابت نہ کرسکا، اب عوام چاہتی ہے کہ میاں نواز شریف دوبارہ وزیراعظم بنیں۔
اسد قیصر کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد زیب نے 14 روز جوڈیشل ریمانڈ پر مردان سنٹرل جیل بھیج دیا۔ یاد رہے کہ اسد قیصر کو پہلی دفعہ 3 نومبر کو اسلام آباد بنی گالہ سے گجوخان میڈیکل کالج کیلئے سامان کی خریدو فروخت میں بے ضابطگیوں سے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔
اسد قیصر نے پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے کہ وہ حکومت کو حکم دیں کہ ان کے خلاف تمام زیرالتوا مقدمات اور انکوائریوں کی تفصیلات فراہم کرے تاکہ وہ متعلقہ عدالتوں سے ریلیف کیلئے رجوع کرسکیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button