ملک کی موجودہ صورتحال کے ذمہ دار تمام کرپٹ حکمران ہیں، پرویز خٹک
نثار بیٹنی
پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین کے چیئرمین سابق وزیراعلی پرویز خٹک نے بنوں میں بڑے شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی موجودہ صورتحال کے ذمہ دار تمام کرپٹ حکمران ہیں جنہوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچایا اور آج ملک معاشی لحاظ سے کنگال ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہماری بد قسمتی ہے کہ ملک کو ایماندار حکمران نہیں ملے یہی وجہ ہے کہ ہم ان ممالک سے پیچھے ہیں جو ہم سے بعد میں آزاد ہوئے۔ اس موقع پر جلسہ سے سابقہ وزیراعلی محمود خان، اقوام بنوں کے رہنما پیر سید قیصر عباس شاہ، حلیم زادہ وزیر، ضیا اللہ بنگش اور ملک اسحاق خان بیزن خیل نے بھی خطاب کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے سکولز میں پچاس فیصد استاد غیر حاضر رہتے تھے ہم نے ان کو ریگولر کئے ہسپتال میں ڈاکٹر صرف ایک گھنٹہ ڈیوٹی کرتے تھے ہم نے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں انقلابی اقدامات کرکے اداروں کو مضبوط کیا، ہم نے تعلیم کو اور اداروں کو این ٹی ایس کے ذریعے اچھے ملازم دیئے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے ساتھ اسلام نہیں اپنے خاندان کا غم ہے جب بھی ملک اور صوبے میں جس کا بھی اقتدار آتا ہے تو مولانا اس کے ساتھ چند وزارتوں کے لئے مل جاتا ہے۔
ان کے مطابق پچھلی حکومتوں میں نہ کسی کو انصاف ملا نہ روزگار ملا، سابقہ حکومت نے معیشت کو تباہ کر دیا ہے اس وقت ملک کہ معاشی حالت کی وجہ سے عوام معاشی بد حالی کا شکار ہیں، مختلف پارٹیوں نے مختلف نعروں سے عوام کو ورغلایا 35 سالوں سے ملک پر لوگوں نے اپنی تجوریاں بھرنے کے لئے حکومت کی جو لوگ منصب تک پہنچے انہوں نے اپنی جائیدادیں بنائیں، ملک کے اصل حکمران عوام ہیں، 85 سال سے ملک کو مخلص قیادت نہیں ملی ہم سے بعد میں آزاد ہونے والے ممالک آج کہاں کھڑے ہیں اور ہم کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 35 سال سے سیاسی مداریوں کی حکومتیں رہی، کیا یہ ملک اس لئے آزاد ہوا تھا کہ یہاں بدامنی اور بے روزگاری ہوگی جبکہ جب تک ایماندار لوگ حکومت میں نہیں لائیں گے پاکستان کی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا کسی کے پاس عوام کو دینے اور ان کی حالت بدلنے کے لئے کچھ نہیں، ایوب امر تھا لیکن اس دور میں ایک روپے کا قرضہ نہیں تھا اج صورت حال کچھ اور ہے، سابقہ حکمرانوں کے پاس ملک کو سنبھالنے کیلئے کوئی پالیسی نہیں۔
اس موقع پرویز خٹک اور محمود خان نے اقوام بنوں کے رہنما اور بنوں بچاؤ تحریک کے سربراہ پیر سید قیصر عباس کی تحریک انصاف پارلیمنٹرین میں شمولیت پر روایتی پگڑیاں اور ٹوپیاں پہنائی گئیں۔