سیاست

افغان مہاجرین کو پاکستان سے نکالنے کا فیصلہ غیر منصفانہ ہے، ملا یعقوب

افغانستان کے قائم مقام وزیردفاع ملا محمد یعقوب مجاہد نے افغان مہاجرین کو پاکستان سے ملک بدر کرنے کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اسے غیر منصفانہ فیصلہ قرار دیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ملا محمد یعقوب مجاہد نے کابل میں پولیس اکیڈمی کی 14ویں گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی نگراں حکومت کے 31 اکتوبر تک افغان مہاجرین کو ملک بدر کرنے کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اسے غیر منصفانہ فیصلہ قرار دیا ہے۔

ملا محمد یعقوب مجاہد نے کہا کہ اس فیصلے سے افغانستان اور پاکستان کے دو طرفہ تعلقات کو نقصان پہنچے گا، انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام ملک میں افغان مہاجرین کے خلاف پُرتشدد کارروائیاں بند کریں۔

انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے افغان سرمایہ کاروں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ سرمایہ کاری بند کریں اور اپنے اثاثے افغانستان کی خود کفالت کے لیے استعمال کریں۔

کابل میں پولیس اکیڈمی کی 14 ویں گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر خارجہ شیر محمد عباس نے پاکستان کی جانب سے افغان مہاجرین کو اپنی سرزمین سے بے دخل کرنے کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ بین الاقوامی قوانین آداب کے خلاف ہے۔

انہوں نے پاکستانی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ افغان باشندوں پر الزامات لگا کر دو طرفہ تعلقات کو نقصان نہ پہنچائیں، ہم نے اپنے سکیورٹی اور معاشی مسائل حل کر لیے ہیں اور ہمارے پاس اس حوالے سے تجربہ ہے اور اگر پاکستان چاہے تو ہم ان کو مسائل کے حل کے لیے مشاورت فراہم کر سکتے ہیں۔

نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ افغان نے افغانستان کے ساتھ ساتھ پاکستان کو سوویت یونین کی جارحیت سے آزاد کرایا ہے اور اگر مجاہدین نہ لڑتے، تو سوویت یونین پاکستان کے شہر گوادر تک پھیل جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان کی نگراں حکومت نے افغان مہاجرین کو 31 اکتوبر تک ملک بدر کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button